Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہالی وڈ اداکارہ این ہیش کی گاڑی کو حادثہ، کار 65 منٹ تک جلتی رہی

این ہیش کی گاڑی پانچ اگست کو حادثے کا شکار ہوئی تھی (فوٹو: سی این این)
گاڑی کے حادثے میں بری طرح زخمی ہونے والی امریکی اداکارہ این ہیش کے بارے میں خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ وہ ’شاید زندہ نہ رہ سکیں۔‘
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی نے امریکی میڈیا کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ 53 سالہ این ہیش کو سر پر شدید چوٹ لگی ہے، جس سے ان کا دماغ متاثر ہوا ہے۔
اداکارہ کے نمائندے کے مطابق ’این ہیش نے موت کے بعد اپنے اعضا کے عطیے کا کہا تھا، اب ان کو لائف سپورٹ پر رکھا جا رہا ہے تاکہ یہ معلوم ہو سکے کہ آیا ان کے اعضا میں سے کوئی عطیہ کیے جانے کے قابل ہے۔‘
انہوں نے ہیش کے خیرخواہوں اور گراس مین برن سینٹر کے عملے کا شکریہ بھی ادا کیا جس نے ان کی بہترین دیکھ بھال کی۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’این وسیع دل کی مالک ہیں، جو ہر اس شخص نے محسوس کیا، جس کی ان سے ملاقات ہوئی۔‘
بیان کے مطابق ’اپنی فنکارانہ صلاحیتوں سے انہوں نے مہربانی اور خوشی پھیلائی، ان کو اپنی بہادری اور ایمانداری کے لیے یاد رکھا جائے گا اور کمی محسوس کی جاتی رہے گی۔‘
لاس اینجلس فائر ڈیپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ ہیش پانچ اگست کو ہونے والے حادثے کے بعد سے مسلسل بے ہوش ہیں، عمارت سے ٹکرانے کے بعد ان کی گاڑی کو آگ لگ گئی تھی۔‘
فائر ڈیپارٹمنٹ کے مطابق آگ اس قدر شدید تھی کہ 59 فائر فائٹرز کو اسے بجھانے میں 65 منٹ لگے۔

حادثے کا شکار ہونے کے بعد این ہیش کی گاڑی میں آگ لگ گئی تھی (فوٹو: اے ایف پی)

لاس اینجلس پولیس کی جانب سے جمعرات کو بیان میں کہا گیا کہ ہیش کے خون کے ٹیسٹ کرائے جائیں گے اور وہ کیس مناسب  طور پر پراسیکیوٹر آفس میں پیش کریں گے۔
تاہم پولیس کی جانب سے کسی الزام کی وضاحت نہیں کی گئی۔
مقامی میڈیا نے بتایا تھا کہ منشیات کے استعمال کے ابتدائی ٹیسٹ مثبت آئے ہیں حالانکہ اس بات کو یقینی بنانے کی ضرورت تھی کہ آیا علاج کے دوران تو نشہ آور ادویات کا استعمال نہیں گیا۔
ہیش نے کئی مشہور فلموں میں کام کیا جن میں 90 کی دہائی کی فلم ’سکس ڈیز، سیون نائٹز‘ بھی شامل تھی جبکہ انہوں نے ڈونی براسکو اور ’آئی نو وٹ یو ڈِڈ لاسٹ سمر‘ میں بھی کام کیا۔
ہیش ’این آدر ورلڈ‘ نامی سوپ اوپرا میں کام کے حوالے سے بہت شہرت رکھتی ہیں، جس پر ان کو 1991 میں ایمی ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔

شیئر: