کاروباری ہفتے کا پہلا روز: ڈالر مزید سستا، سٹاک انڈیکس میں بہتری
کاروباری ہفتے کا پہلا روز: ڈالر مزید سستا، سٹاک انڈیکس میں بہتری
پیر 15 اگست 2022 10:39
پاکستان سٹاک ایکسچینچ میں تیزی کا رجحان برقرار ہے (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان میں کاروباری ہفتے کے آغاز پر ڈالر مزید دو روپے کی کمی کے بعد 212 پر آ گیا ہے اور سٹاک انڈیکس 43 ہزار تین سو پوائنٹس پر ٹریڈ کر رہا ہے۔
فاریکس ڈیلرز کے مطابق پیر کو ابتدائی گھنٹوں کے دوران انٹر بینک میں ڈالر کی قدر میں 2 روپے کی کمی رپورٹ کی گئی ہے اور ڈالر مزید نیچے آ گیا ہے۔
اسی طرح پاکستان سٹاک ایکسچینچ میں تیزی کا رجحان برقرار ہے اور پہلے سیشن کے آغاز میں مثبت اشارے سامنے آ رہے ہیں۔ کاروبار کے دوسرے گھنٹے کے دوران انڈیکس میں 4 سو 97 پوائنٹس کا اضافہ دیکھنے میں آیا۔
سٹاک بروکرز کے مطابق ’ملک کی موجودہ معاشی صورت حال میں سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے۔ مارکیٹ میں اچھی خریداری کی وجہ سے انڈیکس مسلسل مثبت سمت میں جا رہا ہے۔‘
سپیکٹرم سکیورٹیز کے ہیڈ آف ریسرچ عبدالعظیم کا کہنا ہے کہ عالمی مالیاتی ادارے کی جانب سے ایل او آئی لیٹر ملنے اور دوست ممالک کی جانب سے پیسے آنے کی مثبت خبروں کا اثر مارکیٹ میں واضح طور پر دکھائی دے رہا ہے۔
ان کے مطابق ’پچھلے ہفتے مارکیٹ نے اچھا ٹریڈ کیا، اس وقت بھی مارکیٹ مثبت سمت میں جا رہی ہے اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ان حالات کو مزید بہتری کی طرف لے جانے کے لیے حکومت کو ایکسپورٹس بڑھانے کے لیے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ بھی ملکی معیشت کو ہو گا۔