چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے چیف آف سٹاف شہباز گل کو اڈیالہ جیل سے اسلام آباد پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔
سرکاری ٹی وی چینل پی ٹی وی کے مطابق اسلام آباد پولیس کے حکام نے اڈیالہ جیل میں حکام سے روبکار کی تعمیل کرائی جس کے بعد شہباز گل کو عدالتی حکم پر اسلام آباد پولیس کی تحویل میں دے دیا گیا۔
ایس ایس پی انویسٹی گیشن اسلام آباد کی سربراہی میں اسلام آباد پولیس نے شہباز گل کو اڈیالہ جیل راولپنڈی سے ایمبولینس کے ذریعے لے کر پمز ہسپتال اسلام آباد منتقل کیا جہاں بدھ کی رات ڈاکٹروں کی ایک ٹیم نے ان کا طبی معائنہ کیا اور ان کے مختلف ٹیسٹ کیے۔
میڈیکل رپورٹس تسلی بخش آنے کی صورت میں انہیں دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر تھانہ کوہسار منتقل کردیا جائے گا۔
مزید پڑھیں
شہباز گِل کی حوالگی کے معاملے پر تنازع
اسلام آباد کی عدالت کی جانب سے دو روزہ ریمانڈ دیے جانے کے بعد شہباز گل کی حوالگی کا معاملے ایک تنازعے کی شکل اختیار کرگیا تھا۔
راولپنڈی پولیس شہباز گل کی ناساز طبیعت کے باعث انہیں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال راولپنڈی منتقل کرنا چاہ رہی تھی جبکہ اسلام آباد پولیس کا اصرار تھا کہ انہیں پمز لے جایا جائے گا۔
وفاقی حکومت کی جانب سے شہباز گل کو لانے کے لیے رینجرز اور ایف سی بھیجنے کا اعلان کیا گیا تھا جبکہ اسلام آباد پولیس کے اعلٰی حکام اڈیالہ جیل میں پہلے سے موجود تھے۔
دوسری جانب راولپنڈی پولیس کے اعلٰی افسران بھی نفری سمیت اڈیالہ جیل پہنچ چکے تھے تاہم شہباز گل کی روانگی کے بعد پنجاب پولیس کی نفری کو جیل اور ہسپتال سے فوری طور پر واپس بلا لیا گیا۔
شہباز گل کی اسلام آباد پولیس کو حوالگی کے معاملے پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا تھا کہ ’شہباز گل کو آسان ہدف سمجھ کر نشانہ بنایا گیا ہے۔‘
معیار سےمسلسل گرتے ہوئے ایک بنانا ریپبلک میں ڈھلنے کےمناظر! ہماری بربریت دیکھ کر مہذب دنیا پر سکتہ طاری ہوگا۔ بدترین پہلو تو یہ ہے کہ منصفانہ عدالتی کارروائی کے بغیر جبر و تشدد سے مثال بنانے کیلئے ایک آسان ترین ہدف چُنا گیا ہے۔ pic.twitter.com/JvNR9P4m1I
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) August 17, 2022
بدھ کی رات ایک ٹوئٹر بیان میں ان کا مزید کہنا تھا کہ ’منصفانہ ٹرائل کے بغیر شہباز گل کو مثال بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔‘
’ملک بنانا ریپبلک بن گیا ہے۔ یہ ظلم دیکھ کر دنیا پر سکتہ طاری ہوجائے گا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’نواز شریف، مریم نواز اور آصف زرداری نے بھی اداروں پر تنقید کی لیکن ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔‘
تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے ایک ٹوئٹر بیان میں الزام لگایا کہ ’شہباز گل کو جیل سے اغوا کیا گیا۔‘
’شہباز گل کی صحت کے حوالے سے شدید تشویش ہے، بہیمانہ تشدد کے نتیجے میں وہ ذہنی اور جسمانی طور پر شدید کرب میں ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’اپنی مرضی کے بورڈ سے مرضی کے سرٹیفیکیٹ حاصل کرنا کون سے قانون میں لکھا ہے؟‘
شہباز گل کی صحت کو لے کر شدید تشویش ہے، ان پر بہیمانہ تشدد کے نتیجے میں وہ ذھنی اور جسمانی طور پر شدید کرب میں ہیں https://t.co/5Q9TJwQBpu
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) August 17, 2022