’شہباز گل کا حوصلہ بلند ہے، اڈیالہ جیل میں انہیں کوئی شکایت نہیں‘
پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل اسد عمر نے اڈیالہ جیل میں شہباز گل سے ملاقات کے بعد میڈیا کو بتایا کہ ان کا حوصلہ بلند ہے تاہم تشدد کے بعد ٹھیک ہونے میں وقت لگے لگا۔
بدھ کو اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں اسد عمر نے بتایا کہ ان کی شہباز گل سے تفصیلی ملاقات ہوئی ہے اور ان کا حوصلہ بلند ہے۔
اسد عمر نے کہا کہ شہباز گل نے انہیں بتایا کہ اڈیالہ جیل میں قاعدے قانون کے مطابق ہی ان کے ساتھ برتاؤ کیا جا رہا ہے اور یہاں انہیں کوئی شکایت نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کی تحویل میں شہباز گل پر بےتحاشہ تشدد ہوا جس کا مقصد عمران خان کے خلاف جھوٹا بیان لینا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جس بات پر مقدمہ بنایا گیا ہے وہ تو ٹیلی ویژن پر لائیو چل چکا ہے، اور فونز لینے کا بہانہ بھی بنایا جا رہا ہے جو اسی دن لے لیے گئے تھے۔
اسد عمر کا کہنا ہے کہ مقصد صرف کسی طریقے سے جسمانی ریمانڈ لے کر اسلام آباد لے جانا ہے تاکہ دوباہ تشدد کر کے عمران خان کے خلاف کوئی جھوٹا بیان لیا جائے جو انہوں نے ابھی تک نہیں دیا۔
ایک سوال کے جواب میں کہ کیا وہ شہباز گل کے لیے کوئی خاص پیغام لے کر آئے ہیں، تو اس پر اسد عمر کا کہنا تھا کہ انہوں نے شہباز گل کو آگاہ کیا کہ کس طرح سے پارٹی رہنما اور کارکن ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
انہوں نے وزیر داخلہ پنجاب ہاشم ڈوگر کے بیان کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ شہباز گل کو اڈیالہ جیل میں پہلی رات چکی میں ہی رکھا گیا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہباز گل محب وطن انسان ہے اور وہ امریکہ کی بڑی یونیورسٹی کی نوکری چھوڑ کر پاکستان آئے ہیں جہاں وہ ڈالروں میں کماتا تھا۔
’میرا بحت عرصے سے شہباز گل کے ساتھ اٹھنا بیٹھنا ہے انہوں نے کبھی فوج کے خلاف بات نہیں کی۔‘
اسد عمر نے مزید کہا کہ نواز شریف، آصف زرداری، مریم نواز، مولانا فضل الرحمان، خواجہ آصف نے جلسوں میں فوج کے خلاف بیا نات دیے کیے لیکن ان کے خلاف پرچے کیوں نہیں کاٹے جا رہے۔