نیدرلینڈز کو دوسرے ون ڈے میں 7 وکٹوں سے شکست، سیریز پاکستان کے نام
جمعرات 18 اگست 2022 16:01
پاکستان کی جانب سے حارث رؤف اور محمد نواز نے تین تین وکٹیں حاصل کیں (فوٹو: پی سی بی)
پاکستان نے دوسرے ایک روزہ میچ میں نیدرلینڈز کو 7 وکٹوں سے ہرا کر تین ون ڈے میچز کی سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کرلی ہے۔
جمعرات کو روٹرڈیم میں کھیلے گئے دوسرے ون ڈے میچ میں پاکستان نے نیدرلینڈز کی جانب سے دیا گیا 187 رنز کا ہدف بآسانی 33.4 اوورز میں حاصل کرلیا۔
وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے 69 جبکہ کپتان بابر اعظم نے 57 رنز کی اننگز کھیلی، آغا سلمان 50 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان اور نیدرلینڈز کے درمیان روٹرڈیم میں جاری تین ون ڈے میچز کی سیریز کے دوسرے میچ میں نیدرلینڈز نے پاکستان کو جیتنے کے لیے 187 رنز کا ہدف دیا تھا۔
ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے نیدرلینڈز کی پوری ٹیم 44.1 اوورز میں 186 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
نیدرلینڈز کی جانب سے بیس ڈی لیڈے 89 اور ٹام کُوپر 66 رنز کر بنا کر نمایاں رہے۔
پاکستان کی جانب سے حارث رؤف اور محمد نواز نے تین تین، جبکہ نسیم شاہ، محمد وسیم اور شاداب خان نے بالترتیب 2 اور 1،1 وکٹ حاصل کی۔
یاد رہے کہ تین ون ڈے میچز کی سریز میں پاکستان کو 0-2 کی برتری حاصل ہے۔
پہلے میچ میں پاکستان نے نیدرلینڈز کو 16 رنز سے شکست دی تھی۔