91 ہزار سے زیادہ ناکارہ گاڑیاں ریکارڈ سے ہٹائی جا چکی ہیں
دی گئی مہلت مارچ 2023 کو ختم ہورہی ہے۔ (فوٹو العربیہ نیٹ)
سعودی عرب میں ابشر پلیٹ فارم نے کہا ہے کہ گزشتہ دنوں ناکارہ یا تباہ شدہ گاڑیوں کو ریکارڈ سے ہٹانے کے لیے چلائی جانے والی مہم کے تحت اب تک 91 ہزار سے زیادہ گاڑیاں ریکارڈ سے ہٹائی جا چکی ہیں۔
اخبار 24 کے مطابق بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی وزارت داخلہ نے ابشر پلیٹ فارم کے ذریعے یہ سہولت مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو فراہم کی تھی کہ ناکارہ یا تباہ شدہ گاڑیاں اپنے ریکارڈ سے خارج کرا سکتے ہیں۔ اس کے لیے کارروائی آن لائن کی جا سکتی ہے۔ یہ سہولت عام افراد، اداروں واور کمپنیوں سب کے لیے ہے۔
ابشر کا کہنا ہے کہ نجی گاڑیاں، پبلک یا پرائیویٹ ٹرانسپورٹ چھوٹی یا بڑی بسیں، ٹیکسیاں، موٹر سائیکلیں یا ہیوی گاڑیاں تمام کو آن لائن کارروائی کے ذریعے ریکارڈ سے ہٹوایا جا سکتا ہے۔
ابشر کے مطابق آن لائن کارروائی کے تحت کئی سہولتیں دی جا رہی ہیں۔ افراد یا ادارے گاڑی کو ریکارڈ سے ختم کرانے کی کارروائی کا اطمینان بھی آن لائن کر سکتے ہیں۔
یاد رہے کہ سعودی حکومت نے ناکارہ یا تباہ شدہ گاڑیوں کو ریکارڈ سے ہٹوانے کے لیے جو مہلت دی ہے وہ مارچ 2023 کو ختم ہو رہی ہے۔ اس دوران جو لوگ یا ادارے گاڑیوں کو اپنے ریکارڈ سے ہٹوانے کی کارروائی کریں گے ان سے کوئی جرمانہ وصول نہیں کیا جائے گا۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں