ڈالر کی قدر میں دو روپے اضافہ، سٹاک ایکسچینج میں مندی
پاکستان سٹاک ایکسچینج میں 100 انڈیکس 43 ہزار پوائنٹس کی سطح سے نیچے آ گیا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستانی روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت میں ایک مرتبہ پھر دو روپے کا اضافہ ہوا ہے۔
کاروباری ہفتے کے پہلے دن انٹر بینک میں ڈالر کی قدر میں دو روپے کا اضافہ رپورٹ ہوا۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ روپے کی قدر میں عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کی جانب سے قسط ملنے کے بعد ہی بہتری نظر آ رہی ہے۔
فاریکس ڈیلرز کے مطابق پیر کو انٹر بینک میں ایک مرتبہ پھر سے ڈالر کی قدر میں بہتری رپورٹ ہوئی ہے۔
’بازار کے آغاز سے ہی روپے پر دباؤ کا ریکارڈ کیا گیا اور مارکیٹ کے اختتام پر انٹر بینک میں ڈالر کی قدر میں 2 روپے ایک پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔‘
اس نئے اضافے کے بعد ڈالر کی قیمت ایک بار پھر سے 216 روپے 66 پیسے ہوگئی۔ اس سے قبل جمعے کو کاروباری ہفتے کے اختتام پر ڈالر کی قیمت 214 روپے 65 پیسے تھی۔
جنرل سیکریٹری ایکسچینچ کمپینیز آف پاکستان ظفر پراچہ کے مطابق ملک میں ڈالر کی قدر میں یہ اتار چڑھاؤ کا سلسلہ رواں کے ماہ کے اختتام تک برقرار رہنے کی امید ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ عالمی مالیاتی ادارے کے بورڈ کا اجلاس رواں ماہ کے آخر تک ہونے کی امید ہے۔ بورڈ پاکستان کو قسط جاری کرنے کی منظوری دے گا تو ملک میں روپے کی قدر میں بہتری آنے کی امید ہے۔
دوسری جانب پاکستان سٹاک ایکسچینج میں پیر کو مندی کا رجحان رہا اور 100 انڈیکس 43 ہزار پوائنٹس کی سطح سے نیچے آ گیا۔
کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 4 سو 44 پوائنٹس کمی کے بعد 42 ہزار 826 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوئی۔