Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مراکش میں ہوٹل کے سیکیورٹی گارڈز کے ہاتھوں سعودی شہری کا قتل

مراکش کا محکمہ پبلک پراسیکیوشن واقعہ کی تحقیقات کررہا ہے(فوٹو ٹوئٹر)
مراکش کے شہر الدار البیضا میں ہوٹل کے سیکیورٹی گارڈز نے سعودی شہری موسی العنزی کو قتل کردیا۔
العربیہ نیٹ کے مطابق سعودی سفارتخانے نے بیان میں کہا کہ ’مراکشی حکام نے بتایا ہے کہ سعودی شہری ایک گروہ کے حملے میں ہلاک ہوا۔ فریقین کے درمیان  ہاتھا پائی ہوئی تھی‘۔
سفارتخانے نے بیان میں کہا کہ ’مراکشی حکام سے واقعے کی تفصیلات معلوم کیں تو پتہ چلا کہ سعودی شہری دارالبیضا کے ایک ہوٹل میں ٹھہرا ہوا تھا۔ سیکیورٹی گارڈز کے ہاتھوں اس کا قتل ہوا ہے‘۔ 
سفارتخانے کا کہنا ہے کہ’ مراکش کا محکمہ پبلک پراسیکیوشن واقعہ کی تحقیقات کررہا ہے۔ حملہ آوروں کو گرفتار کرکے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔  سعودی سفارتخانے نے مراکش کے نظام انصاف پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے‘۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ’ مطلوبہ کارروائی مکمل کرنے کے بعد سعودی شہری کی نعش مملکت منتقل کرنے کے لیے مقامی حکام سے رابطے میں ہیں‘۔
مراکش میں ہلاک ہونے والے سعودی شہری کے چچا جدعان العنزی نے بتایا کہ ’موسی العنزی اپنے ایک دوست کے ہمراہ مراکش گیا تھا۔ اس کا دوست کینسر کا علاج کرا رہا تھا۔ سفارتخانہ مراکشی سیکیورٹی حکام کے ساتھ رابطے میں ہے‘۔ 
یاد رہے کہ موسی العنزی عرعر شہر کے ایک سکول میں ٹیچر تھا اور تعلیمی سال شروع ہونے سے قبل سعودی عرب واپسی کی تیاری کررہا تھا۔ 

شیئر: