Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’دہشت گردی کا خطرہ عالمی برادری کے لیے اہم مسئلہ ہے‘

ایران کی فنی امداد کے بغیرحوثی ڈرونز تیارنہیں کرسکتے(فوٹو،ٹوئٹر)
 اقوام متحدہ  میں سعودی عرب کے مستقل  مندوب ڈاکٹرعبدالعزیز الواصل نے کہا ہے کہ عالمی دہشت گرد گروہوں اور تنظیموں کے بڑھتے ہوئے خطرے کا مقابلہ کرنا عالمی برادری کو درپیش سب سے اہم مسائل میں سے ایک ہے۔
سعودی خبررساں ادارے  ایس پی اے کے مطابق  ڈاکٹرعبدالعزیز الواصل نے اقوام متحدہ کی اقتصادی اورسماجی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ حوثیوں کی خلاف ورزیوں کو روکنے کے لیے فوری اور فیصلہ کن کارروائی کرے۔
انہوں نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ یمن میں حوثی دہشت گرد ملیشیا کی جانب سے ہتھیاروں کے استعمال پر پابندی کی خلاف ورزیاں کرتے ہوئے سعودی عرب پر نو  سو سے زائد ڈرونز اور650 سے زائد بیلسٹک میزائلوں سے حملے کیے۔
علاوہ ازیں حوثیوں کی دہشت گردانہ کارروائیوں کی وجہ سے سمندری جہاز رانی کوشدید خطرات کا سامنا ہے۔
حوثیوں نے ایک سو سے زائد دھماکہ خیز کشتیاں اور270 سمندری بارودی سرنگیں آبی گزرگاہ میں بچھائی جوعالمی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔
ایمبسڈرالواصل نے مزیدکہا ’ ایرانی فنی امداد کے بغیرحوثی ڈورنز تیار کرنے کے قابل نہیں ، اس امرکی تصدیق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی رپورٹوں سے کی جا چکی ہے۔
انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ ان حملوں کو روکنے کے لیے فوری اور فیصلہ کن کارروائی کرے، خاص طور پر وہ حملے جن میں عوام، شہری انفراسٹرکچر اور عالمی توانائی کی سپلائی کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

شیئر: