نئی دہلی .... مرکز نے ماﺅ باغیوں کی طرف سے25 سی آر پی ایف جوانوں کو ہلاک کرنے کے بعد فوج کو حکم دیا ہے کہ وہ باغیوں کے خلاف بھرپور کارروائی شروع کردے اور چند ہفتوں میں نتیجہ ظاہر ہونا چاہئے۔ وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے کہا کہ سب سے پہلے تو اپنی خامیوں کی نشاندہی کی جائے اور پھر نکسلائٹس کے خلاف جوابی حکمت عملی تیار کی جائے۔ انہوں نے رائے پور میں سی آر پی ایف کے سینیئر افسروں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ راجناتھ نے بعد میں صحافیوں سے بات چیت میں کہا کہ ماﺅ باغیوں سے متاثرہ 10ریاستوں کے اعلیٰ حکام کا ایک اجلاس 8مئی کو دہلی میں طلب کیا ہے تاکہ ماﺅ باغیوں کے خلاف کارروائی کیلئے نئی حکمت عملی بنائی جائے۔وزارت داخلہ کے ا یک ذرائع نے کہا کہ اس اجلاس میں ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ شریک ہونگے۔ کارروائی کیلئے سیکیورٹی فورسز کو ہر سہولت فراہم کی جائیگی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ آپ صرف بتائیے کتنے مزید جوان چاہئیں، فنی مدد چاہئے یا بہتر وسائل ۔ میں ہر چیزآپ کو مہیا کرنے کو تیار ہوں لیکن مجھے نتائج چاہئے۔