Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آصف زرداری اور نواز شریف اپنا فیورٹ آرمی چیف لگانا چاہتے ہیں: عمران خان

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ نومبر میں نیا آرمی چیف آنے والا ہے۔ ’آصف زرداری اور نواز شریف اپنا فیورٹ آرمی چیف لگانا چاہتے ہیں۔‘
اتوار کی شام فیصل آباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’ان کے الیکشن سے ڈرنے کی وجہ یہ بھی ہے کہ نومبر میں نیا آرمی چیف آنے والا ہے۔‘
انہوں نے شریف خاندان اور زرداری خاندان پر چوری اور کرپشن کے الزامات عائد کیے۔
عمران خان نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی نقل اتارتے ہوئے کہا کہ ’جب بارش ہوتا ہے تو پانی آتا ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ میں آئندہ اتوار کو ٹیلی تھون کر کے سیلاب متاثرین کے لیے اربوں روپے کے مزید فنڈز اکٹھے کروں گا۔ ’آپ کی تربیت بھی کروں اور آپ کو تعلیم بھی دوں کہ اپنے ملک کو کیسے اوپر اٹھانا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’جب تک کوئی ملک اپنی برآمدات بڑھا کر اپنی دولت نہیں بڑھاتا تو کبھی آئی ایم ایف کی غلامی اور کبھی کسی اور کی غلامی۔‘

عمران خان نے جلسے میں شریف خاندان اور زرداری خاندان پر چوری اور کرپشن کے الزامات عائد کیے (فائل فوٹو: اے ایف پی)

عمران خان نے وزیراعظم شہباز شریف کے بیان کا ویڈیو کلپ بھی چلایا جس میں وہ بیرون ملک سے قرض لینے کی بات کر رہے تھے۔
’ابھی آئی ایم ایف کی رپورٹ آئی ہے جس نے پہلی مرتبہ کہا کہ پاکستان کے معاشی حالات کی خرابی کی وجہ حکومت کی کرپشن ہے۔‘
سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ’آئی ایم ایف والے کہہ رہے ہیں کہ پاکستان میں سیاسی استحکام نہیں اور یہ کمزور حکومت ہے۔ سوال پوچھتا ہوں کہ وہ سب جنہوں نے اس حکومت کو ہم پر مسلط کیا تم نے کیا کیا۔ غداری کی قوم سے۔‘

شیئر: