ریاض انٹرنیشنل بک فیئر 29 ستمبر سے، تیونس اعزازی مہمان
بک فیئر نے عرب دنیا میں منفرد مقام حاصل کرلیا ہے (فائل فوٹو ایس پی اے)
سعودی وزارت ثقافت نے کہا ہے کہ ریاض انٹرنیشنل بک فیئر 2022 کا اعزازی مہمان تیونس ہوگا۔
ریاض انٹرنیشنل بک فیئر 29 ستمبر سے 8 اکتوبر تک ریاض میں ہوگا۔ یہ بک فیئر خطے کے سب سے بڑے ثقافتی اور ادبی پروگراموں میں سے ایک ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق وزارت ثقافت نے کہا ہے کہ اعزازی مہمان کے طور پر تیونس کا انتخاب دونوں ملکوں کے برادرانہ تعلقات کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ملک ثقافت کے شعبے میں بھی ایک دوسرے سے تعاون بڑھا رہے ہیں۔
ریاض میں بین الاقوامی بک فیئر نے عرب دنیا میں منفرد مقام حاصل کرلیا ہے۔ اس میں ملکی و بین الاقوامی ناشران حصہ لے رہے ہیں۔ ثقافتی پروگرام کے ساتھ مکالمے، لیکچرز اور ورکشاپس وغیرہ کا اہتمام کیا جاتا ہے۔
یاد رہے کہ ریاض بک فیئر میں گزشتہ برس ایک ہزار سے زیادہ ناشران شریک ہوئے تھے۔ ان کا تعلق 28 ممالک سے تھا۔