Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی وزیر ثقافت نے ریاض میں انٹرنیشنل بک فیئر کا افتتاح کردیا

انٹرنیشنل بک فیئر 10 اکتوبر تک جاری رہے گا۔( فوٹو الریاض)
سعودی وزیر ثقافت  شہزادہ بدر بن عبداللہ بن فرحان نے جمعے کو مملکت کی تاریخ میں سب سے بڑے انٹرنیشنل بک فیئر کا افتتاح کیا ہے۔
انٹرنیشنل بک فیئر 10 اکتوبر تک جاری رہے گا۔  روزانہ صبح  دس  سے رات 11 بجے تک ریاض فرنٹ میں بک فیئر دیکھا جا سکتا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجسنی ایس پی اے کے مطابق انٹرنیشنل بک فیئر میں 30 ممالک کے ایک ہزار ناشران نے مختلف موضوعات پر کتابیں سجائی ہیں۔

بک فیئر کا سلوگن ’نئی جہت نیا باب‘ ہے۔( فوٹو عرب نیوز)

بک فیئر کا سلوگن ’نئی جہت نیا باب‘ ہے۔ نمائش گاہ کا رقبہ  36 ہزار مربع میٹر سے زیادہ ہے۔ 
سعودی وزارت ثقافت نے اس موقع پر سعودی عراقی نمائش کا اہتمام کیا ہے جس میں شاہ عبدالعزیز اور عراق کے دورے کے موقع پر سعودی فرمانرواؤں کی تصاویرسجائی گئی ہیں۔
علاوہ ازیں عراقی عہدیداروں کے دورہ مملکت کی نمائندہ تصاویر بھی رکھی گئی ہیں۔ 
نمائش میں ’جادۃ ثقافت ‘ سے گزرنے والے خود کو خالص ثقافتی ماحول سے گزر کر اپنی زندگی کا منفرد تجربہ کریں گے۔

 کتابوں کی مارکیٹ کا سالانہ حجم 4.5 ارب ریال تک پہنچ گیا ہے(فوٹو ایس پی اے)

یہاں انہیں عراق کے دارالحکومت بغداد کے قلب میں واقع المتنبی سٹریٹ سے گزرنے کا احساس ہوگا۔ یہ خلافت عباسیہ کے آخری دور میں تعمیر ہوئی تھی تب سے اب تک مشہور ہے۔
اس سٹریٹ پر اشاعتی ادارے واقع ہیں۔ھ یہاں عراق کے قدیم ترین ثقافتی ادارے  ہیں۔ آج بھی سکالر ثقافتی اور سماجی خبریں حاصل کرنے کے لیے المتنبی سٹریٹ کا رخ کرتے ہیں۔ 
نمائش میں منفرد انداز میں ’المعلقات السبع‘ کا مظاہرہ کیا گیا ہے۔ اس سے مراد عربی ادب کے وہ سات شاہکار قصائد ہیں جنہیں خانہ کعبہ میں زمانہ جاہلیت میں لٹکایا گیا تھا اور جن کی ادبی حیثیت کو اس دور کے عرب شعرا نے تسلیم کیا تھا۔
سعودی عرب میں کتابوں کی مارکیٹ کا سالانہ حجم 4.5 ارب ریال تک پہنچ گیا ہے۔  500 سعودی ناشران کتابوں کے کاروبار میں سرمایہ لگائے ہوئے ہیں۔ 

 500 سعودی ناشران کتابوں کے کاروبار میں سرمایہ لگائے ہوئے ہیں۔ (فوٹو ایس پی اے)

 سعودی عرب میں تعلیمی عمل کو مسلسل جدید بنایا جارہا ہے۔ یونیورسٹیوں کی تعداد میں بھی مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ کتابوں کی تصنیف، ترجمہ، اشاعت اور تقسیم کے ادارے منظم شکل میں کام کررہے ہیں۔ 
انٹرنیشنل بک فیئر کے موقع پر ریاض میں دانشوروں اور کتابوں کے مصنفین کے درمیان مکالمہ پروگرام بھی کیے جارہے ہیں۔
نمائش میں چار اور پانچ اکتوبر کو اپنی نوعیت کی پہلی کانفرنس منعقد ہوگی۔ یہ ناشران کانفرنس کہلائے گی۔ اس میں عرب دنیا میں نشرواشاعت کے حال و مستقبل کے موضوعات زیر بحث آئیں گے۔

شیئر: