Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خلیجی ملک سے کراچی پہنچنے والی پرواز سے سونا چوری ہونے کا دعویٰ

کراچی کے سنار نے دوران پرواز ایک ہزار 542 گرام سونا چوری ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔ فوٹو: روئٹرز
صوبہ سندھ کے شہر کراچی کے ایک سنار نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کا ایک خلیجی ملک سے پاکستان لایا جانے والا دو کروڑ روپے کی مالیت کا سونا دوران پرواز چوری ہو گیا ہے تاہم جہاز کی تلاشی لینے پر سکیورٹی حکام سونا برآمد نہ کر سکے۔
کراچی میں موجود نو رتن نامی جیولر سے تعلق رکھنے والے سنار محمد مونس نے ایئر پورٹ سکیورٹی فورس کو بتایا کہ 4 ستمبر کو دبئی سے کراچی آنے والی پرواز سے 2 کروڑ روپے کی مالیت کا ایک ہزار 542 گرام سونا چوری ہو گیا ہے۔
کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ انتظامیہ نے مسافر کی شکایت پر پرواز کی مکمل سکریننگ کی لیکن سونا برآمد نہیں ہوا۔
ایئر پورٹ سکیورٹی فورس نے اردو نیوز کو بتایا کہ مسافر کی شکایت موصول ہونے کے بعد اے ایس ایف کے اہلکار جہاز میں پہنچے اور مسافروں کی مکمل تلاشی لی لیکن سونا نہیں ملا۔
سول ایوی ایشن کے ترجمان نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ایک نجی ایئر لائن کی پرواز 4 ستمبر کی سہہ پہر کراچی پہنچی تھی جس میں سوار مونس نامی مسافر اپنا سونا چوری ہونے کا دعویٰ کیا تاہم اس حوالے سے کوئی تحریری شکایت نہیں درج کروائی گئی۔
متاثرہ جیولر محمد مونس نے ایئر پورٹ سکیورٹی فورس کو بتایا کہ دورانِ پرواز سِیٹ کے اوپر سامان میں رکھے بیگ سے ڈیڑھ کلو سونا غائب ہوا ہے۔
ایئر پورٹ سکیورٹی فورس کے مطابق محمد مونس نے دوران پرواز سونے کی گمشدگی کی اطلاع فوری طور پر طیارے کے عملے کو دی جس پر عملے نے سکیورٹی حکام کو مطلع کیا اور جہاز کراچی لینڈ ہونے کےبعد ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس نے مسافروں کی تلاشی لی تاہم سونا برآمد نہ ہو سکا۔
پاکستان کسٹمز کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ مسافر محمد مونس قانونی طریقے سے برآمد کیے گئے زیورات نصف قیمت پر سونے کی شکل میں واپس لا رہے تھے اور کسٹم حکام کو پیشگی اطلاع دی ہوئی تھی۔
کسٹم حکام نے امکان ظاہر کیا ہے کہ چوری کا واقعہ بیرون ملک ایئرپورٹ سے روانگی کے وقت پیش آ سکتا ہے۔
ایئر پورٹ پولیس کے مطابق ممکنہ چوری کی واردات پاکستان کی حدود میں نہیں ہوئی لہٰذا یہاں مقدمہ درج نہیں ہوسکتا۔

شیئر: