Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا کی شکست پر ’شاہ رخ بھی رو پڑے‘

سری لنکا نے انڈیا کو چھ وکٹوں سے شکت دی ہے (فائل فوٹو: ویڈیو گریب)
ایشیا کپ ٹی 20 کے سپر فور مرحلے کے میچ میں سری لنکا کے ہاتھوں انڈیا کی شکست کو کئی گھنٹے گزر چکے ہیں لیکن ٹائم لائنز پر اس کا تذکرہ اب بھی تازہ ہے۔
سوشل میڈیا صارفین کہیں انڈین کھلاڑیوں کی میمز بنا کر اور کہیں میچ کے نتائج کا ذکر کرتے ہوئے تنقید، طنز اور تیکھے تبصروں کے سبھی رنگ آزما رہے ہیں۔
انڈیا اور سری لنکا کے میچ کے دوران سٹیڈیم میں بننے والی ایک مزاحیہ ویڈیو وائرل ہوئی تو شیئر کرنے والوں نے کیپشن سجایا کہ ’انڈیا کی سری لنکا سے شکست، شاہ رخ خان بھی رو پڑے۔‘
ویڈیو میں انڈین ایکٹر شاہ رخ خان کے انداز کی نقل کرنے والا نوجوان دوسرے کو مخاطب کرکے کہتا ہے کہ ’کسی طرح قینچی سے لائٹیں بند کر دو یا گراؤنڈ میں پانی ڈال دو۔ یہ نہیں ہو سکتا، ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان اور انڈیا کا فائنل ہو۔‘
انڈین بولنگ کے دوران بنائی گئی ویڈیو میں مزید کہا جاتا ہے کہ ’آنند ابھی بھی کچھ نہیں بگڑا، انڈیا چاہے تو جیت سکتا ہے ہمیں دو ہیٹ ٹرک چاہیں۔‘
ٹیم کی پاکستان کے بعد سری لنکا کے ہاتھوں شکست پر انڈین کرکٹ فینز کا ردعمل دکھانے والے صارف نے ایک ویڈیو شیئر کی جس میں دیوار پر نصب ایل ای ڈی کو کپڑے سے ڈھانپ رکھا گیا ہے۔ اس کے سامنے کرسی پر موجود فرد وقفے وقفے سے کپڑا اٹھا کر ٹی وی دیکھتا ہے۔ ویڈیو کے ساتھ دیے گئے کیپشن میں لکھا گیا ہے کہ ’اس وقت ہر انڈین کی صورتحال۔۔۔‘
انڈین ٹیم کی مسلسل دوسری شکست اور ٹورنامنٹ میں باقی رہنے کے امکانات تقریبا ختم ہوجانے پر ایک میم کے ذریعے تبصرہ ہوا تو تحسین قاسم نے لکھا کہ ’انڈین ٹیم جلدازجلد ممبئی ایئرپورٹ پہنچنے کی کوشش میں۔‘

وراٹ کوہلی آؤٹ ہوئے تو ان کا پاؤں لانگ آن کی طرف تھا یا لانگ آف کی سمت پر بحث کرتی ویڈیو شیئر کی گئی تو اس میں شامل کیے گئے ہنسی اور قہقہوں کے مناظر دیکھنے والوں کو خوب محظوظ کرتے رہے۔
سری لنکا سے شکست کے بعد یہ پرانی بحث پھر تازہ ہوئی کہ ٹی 20 کرکٹ میں ایم ایس دھونی، وراٹ کوہلی بہتر کپتان تھے یا موجودہ کپتان روہت شرما ٹھیک ہیں۔ گفتگو کے دوران تینوں کھلاڑیوں کے فینز اپنے اپنے موقف کو سچ ثابت کرنے کے لیے دلائل بھی دیتے رہے۔
منگل کو ہونے والے ٹی 20 ایشیا کپ سپرفور مرحلے کے میچ میں سری لنکا نے انڈیا کا دیا گیا 173 رنز کا ہدف بیسویں اوور کی پانچویں گیند پر عبور کرکے میچ میں چھ وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔

شیئر: