’تی تی تی تیس کا نمکین‘ گنگنا کر چاٹ فروخت کرنے والے نسیم احمد کا دلچسپ انداز
بدھ 7 ستمبر 2022 11:33
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
گلی گلی گھوم کر کھانے پینے کی اشیا فروخت کرنے والے مختلف انداز اپنا کر خریداروں کو متوجہ کرنے کی کوشش کرتے ہیں، لیکن کچھ خوانچہ فروش اپنے منفرد انداز کی وجہ سے فورا ہی دوسروں کی توجہ حاصل کر لیتے ہیں۔
انڈین ریاست مدھیہ پردیش کے شہر بھوپال کے نسیم احمد اپنے موٹرسائیکل پر چاٹ فروخت کرنے کے لیے گلیوں میں نکلتے ہیں تو گنگنانے کے منفرد انداز کی وجہ سے فورا توجہ کا مرکز بن جاتے ہیں۔
ان کی ویڈیو سوشل ٹائم لائنز پر وائرل ہوئی تو متعدد افراد نے نسیم احمد کے انداز کو سراہا۔
انڈین خبررساں ادارے اے این آئی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’میں گزشتہ چھ برس سے چٹ پٹا چاٹ فروخت کررہا ہوں۔ اس سے قبل 35 برس تک بطور مکینک کام کرتا رہا ہوں۔‘
نسیم احمد کے مطابق ’میں منفرد انداز میں اپنا چاٹ فروخت کرتا ہوں۔ بچے اسے سن کر محظوظ ہوتے ہیں اور لوگ پسند کرتے ہیں۔‘
سوشل میڈیا پر اپنے انداز کی پزیرائی پر انہوں نے کہا کہ ’خود کو وائرل ہوتا دیکھ کر میں بھی خوش ہوتا ہوں۔‘
نسیم احمد کے مطابق ان دنوں مختلف افراد رابطہ کرکے مجھے بتاتے ہیں آپ مشہور ہو گئے ہیں۔ آج صبح ہی دہلی سے فون کال موصول ہوئی، اس سے قبل ممبئی سے فون آیا تھا۔ اس پزیرائی پر مجھے بھی خوشی ہوتی ہے۔
مختلف صارفین نے ’تی تی تی تیس کا نمکین‘ گنگنا کر چاٹ فروخت کرنے والے نسیم احمد کی ویڈیو پر تبصرے کیے تو کسی نے انہیں میوزک انڈسٹری کے متعدد گلوکاروں سے بہتر کہا اور کوئی ان کے انداز پر قہقہے لگا کر خوشی کا انداز کرتا رہا۔