چانگ مائی/ تھائی لینڈ... آئی سی سی ورلڈ کرکٹ لیگ ایشیا ریجن ڈویژن ون کے میچ میں سعودی عرب نے بحرین کو باآسانی 6 وکٹوں سے شکست دے کر مسلسل دوسری فتح سمیٹ لی۔ میچ کی خاص بات ابرار الحق اور عمران عارف کی تباہ کن بولنگ تھی کوئی بھی بحرینی بیٹسمین سامنا نہیں کرسکا۔ بارش کی باعث میچ دیر سے شروع کیا گیا ۔ 50 اوورز کے میچ کو 49 رنز تک محدود کردیا گیا۔ کپتان عظیم الحق نے ٹاس جیت کر بحرین کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ ان کا فیصلہ مفید ثابت ہوا پوری ٹیم صرف 20 اوورز میں 78 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔ صرف3 بیٹسمین چٹورنگا، عواد خان اور طاہر ڈار ہی دوہرے ہندسے میں رنز بناسکے جنہوں نے بالترتیب 18 ، 10 اور 12 رنز بنائے۔ سعودی بولرز نے 18 فاضل رنز دیئے ۔ ابرار الحق اور عمران عارف نے 4 ، 4 جبکہ محمد عباسی اور عمر امتیاز نے ایک، ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔ سعودی ٹیم نے 79 رنز کا ہدف باآسانی 20.1 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ دونوں اوپنرز عبدا ٰلوحید اور عمران عارف کے صفر پر آوٹ ہوجانے کے بعد حماد سعید نے بہتر بیٹنگ کرتے ہوئے 27 رنز بنائے جبکہ محمد افضل 10 رنز بناکر آوٹ ہوئے۔ بعدازاں بحرینی بولرز کو کوئی کامیابی نہیں مل سکی ۔ محمد عباسی اور شہزاد رشید نے بالترتیب 5 اور 16 رنز بناتے ہوئے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کردیا۔ ۔ عمران عارف کو صرف 3 اوورز میں 4 رنز دے کر 4 کھلاڑی آوٹ کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرا ردیاگیا۔