Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’حسن علی کو بس بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ بہتر کرنے کی ضرورت ہے‘

دبئی میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے پاکستان کو پانچ وکٹوں سے ہرایا (فوٹو: اے ایف پی)
ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کے آخری میچ میں پاکستان کی بیٹنگ لائن سری لنکن بولرز کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور صرف 121 رنز کے مجموعی سکور پر تمام کھلاڑی آؤٹ ہوگئے۔
جمعے کو دبئی کرکٹ سٹیڈیم میں سری لنکا نے یہ آسان ہدف پانچ وکٹوں کے نقصان پر صرف 17 اوورز میں حاصل کرلیا۔ ایشیا کپ کا اگلا میچ یعنی فائنل ان ہی دو ٹیموں کے درمیان 11 ستمبر بروز اتوار کھیلا جائے گا۔
پاکستانی ٹیم کی ہار کے بعد سوشل میڈیا صارفین پاکستان کے بیٹرز اور بولر حسن علی سے ناراض نظر آئے۔ کچھ صارفین کے مطابق انہیں آج پاکستان کا بیٹنگ کمبی نیشن بھی پسند نہیں آیا۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر فیصل جاوید خان نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’آؤٹ آف فارم فخر زمان کے بجائے آج ٹیم میں بینچ پر بیٹھے حیدر علی کو شامل کرنا چاہیے تھا۔‘
خوش دل شاہ نے سری لنکا کے خلاف میچ میں آٹھ گیندوں پر صرف چار جبکہ افتخار احمد نے 17 گیندوں پر 13 رنز بنائے۔
ان کی اس کارکردگی پر سلمان مسعود نے ایک ٹویٹ میں سوال کیا کہ ’خوش دل اور افتخار ٹیم میں کیوں ہیں؟‘
صحافی مظہر عباس نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’فخر زمان اور حسن علی کو لمبے آرام کی ضرورت ہے اور پاکستان کو اب مڈل آرڈر مستحکم کرنا ہوگا۔‘
جہاں سوشل میڈیا پر کچھ کھلاڑی تنقید کی زد میں نظر آئے وہیں کچھ کھلاڑی ایسے بھی تھے جن کی تعریفوں میں صارفین زمین و آسمان کے قلابے ملاتے رہے۔
پاکستان کی جانب سے فاسٹ بولر محمد حسنین نے تین اوورز میں 21 رنز دے کر دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ انہوں نے اپنے پہلے دو اوورز میں صرف 5 رنز دیے۔
پاکستانی بیٹر احمد شہزاد نے حسنین کی برق رفتار سوئنگ بولنگ کی تعریف کی اور لکھا کہ ’لڑکا سوئنگ اور باؤنس کے ساتھ تیز بولنگ کررہا تھا۔‘
ایک صارف نے بابر اعظم کی کپتانی پر سوال اٹھاتے ہوئے لکھا کہ سری لنکن بیٹرز کو محمد حسنین اور حارث رؤف کو کھیلنے میں دشواری ہورہی تھی لیکن کپتان نے حسن علی سے بولنگ کروانے کا فیصلہ کیا۔
حسن علی ایشیا کپ کا پہلا میچ کھیل رہے تھے اور انہوں نے اپنے ہی اوور میں تین چوکے کھائے۔ مجموعی طور پر انہوں نے تین اوورز میں 25 رنز دیے اور کوئی وکٹ حاصل نہ کرسکے۔
حسن علی کی کارکردگی پر سوشل میڈیا صارفین ان پر طنز و مزاح سے بھرپور تنقید کررہے ہیں۔
سید عمر گیلانی نامی صارف نے لکھا کہ ’دو منٹ کی خاموشی ان لوگوں کے لیے جو کہہ رہے تھے کہ حسن علی کو موقع ملنا چاہیے۔‘
معاذ ملک نے لکھا کہ ’حسن علی ہہت اچھے کھلاڑی ہیں۔ انہیں بس فیلڈنگ، بولنگ اور بیٹنگ بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔‘
یاد رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ایشیا کپ کا فائنل اتوار 11 ستمبر کو دبئی انٹرنیشنل سٹیڈیم میں ہی کھیلا جائے گا۔

شیئر: