کابل میں تربیتی مشق کے دوران امریکی ساختہ ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، تین ہلاک
کابل میں تربیتی مشق کے دوران امریکی ساختہ ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، تین ہلاک
اتوار 11 ستمبر 2022 7:26
وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ واقعے میں پانچ افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ (فوٹو: روئٹرز)
افغانستان کے دارالحکومت میں ایک امریکی ساختہ بلیک ہاک ہیلی کاپٹر اس وقت گر کر تباہ ہو گیا جب طالبان اس پر تربیتی مشق کر رہے تھے، اس کے نتیجے میں تین افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز نے افغانستان کی وزارت دفاع کے ترجمان عنایت اللہ خوارزمی کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ ’ایک امریکی ہیلی کاپٹر بلیک ہاک، جس کو تربیت کی غرض سے اڑایا جا رہا تھا، تاہم کسی تکنیکی خرابی کی وجہ سے وہ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے کیمپس میں گر کر تباہ ہو گیا ہے۔‘
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ واقعے میں پانچ افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
طالبان نے پچھلے سال اگست میں ملک کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد امریکہ ساختہ جہاز اور ہیلی کاپٹرز بھی قبضے میں لیے تھے تاہم یہ واضح نہیں ہے کہ ان میں کتنے کس حد تک اڑنے کے قابل تھے کیونکہ امریکی فوجیوں نے انخلا سے قبل جان بوجھ کر فوجی سازوسامان کو ناکارہ بنایا تھا، اس وقت افغان فورسز نے کچھ ہیلی کاپٹرز وسطی ایشیائی ممالک کی طرف اڑائے تھے۔
خیال رہے 17 اگست کو طالبان نے چند جہازوں اور ہیلی کاپٹروں کی کامیاب پروازیں کی تھیں۔
وزارت دفاع کے ترجمان عنایت اللہ خوارزمی نے پروازوں کے بعد روئٹرز کو بتایا تھا کہ ’طالبان نے حال ہی میں کچھ ہیلی کاپٹروں کی مرمت کی ہے جن کو آزمائشی طور پر اڑایا گیا۔‘
انہوں نے یہ وضاحت نہیں کی کہ وہ کس ملک کے بنے ہوئے تھے، تاہم اتنا بتایا کہ ’تمام قسم کے جہاز‘ ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔
یہ واضح نہیں ہو سکا کہ ہیلی کاپٹروں کی مرمت کے لیے تکنیکی مدد کہاں سے حاصل کی گئی یا کس نے مہیا کی۔
طالبان حکام اس سے قبل اس عزم کا اظہار کر چکے ہیں کہ سابق افغان فوجیوں، پائلٹس، مکینکس اور دیگر ماہرین کو سکیورٹی فورسز میں شامل کیا جائے گا۔
وزارت دفاع کی جانب سے ایک بیان میں بتایا گیا تھا کہ اس کی انجینیئرز کی ٹیم نے حال ہی میں 35 ٹینکوں، 15 ہموی اور 20 امریکی ناوستر گاڑیوں کی مرمت کی ہے۔
پچھلے سال اگست میں طالبان نے ملک کا کنٹترول سنبھالا تھا جبکہ پیر کو اس کی سالگرہ کی تقریب کا اہتمام ہوا جس میں سخت گیر گروپ نے ہوائی فائرنگ کے ذریعے خوشی کا اظہار کیا تھا۔
امریکی فوج نے جاتے ہوئے 70 جہاز اور درجنوں فوجی گاڑیوں کو ناکارہ کر دیا تھا جبکہ کابل سے نکلنے سے قبل ایئرپورٹ پر ایئرڈیفنس نظام کو بھی ناکارہ کر دیا تھا۔
سپیشل انسپکٹر جنرل برائے افغانستان بحالی کا کہنا تھا کہ 2002 اور 2017 کے دوران امریکہ نے افغان حکومت کو 28 ارب ڈالر سے زائد کا دفاعی سامان مہیا کیا، جن میں ہتھیار، گاڑیاں، اندھیرے میں دیکھنے والی ڈیوائسز، جہاز اور نگرانی کے دوسرے آلات شامل تھے۔