روسی فوج کو پیچھے دھکیلنے کے لیے مغرب اسلحے کی فراہمی تیز کرے: یوکرین
یوکرین کی فوج نے متعدد علاقے روسی فوج سے دوبارہ حاصل کر لیے ہیں۔ (فوٹو: روئٹرز)
یوکرین نے کہا ہے کہ اس کا مقصد ملک کے شمال مشرق میں روسی افواج کو پیچھے دھکیلنے کے بعد اپنے تمام علاقے کو آزاد کرانا ہے۔
خبررساں ادارے روئٹرز کے مطابق منگل کو یوکرین نے مغرب سے مطالبہ کیا ہے کہ حملے جاری رکھنے کے لیے اسلحہ کی فراہمی تیز کرے۔
یوکرین کے شمال مشرقی حصے میں روسی افواج کی جانب سے اہم علاقے کو چھوڑنا جنگ کے بعد سے روس کی بدترین شکست کی نشاندہی کرتا ہے۔
یوکرین کی فوج نے متعدد علاقے روسی فوج سے دوبارہ حاصل کر لیے ہیں۔
یوکرین نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے رواں ماہ روسی افواج سے تین ہزار مربع کلومیٹر کا علاقہ واپس حاصل کر لیا ہے۔
یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے جنوب مشرقی حصے میں روسی فوج پر حملوں کو چھ ماہ کی جانب میں ایک اہم کامیابی قرار دیا اور کہا کہ موسم سرما میں مزید کامیابیاں حاصل کریں گے کیونکہ کیئف کو طاقت ور ہتھیار مل چکے ہیں۔
دوسری جانب روس نے کہا ہے کہ اس نے یوکرین کی فوج پر بڑے پیمانے پر حملے شروع کر دیے ہیں۔
روس نے یوکرین کے شمال مشرقی حصے اور خاص طور پر خارکیف سے اپنی فوج واپس بلانے کا اعلان کیا تھا۔
موجودہ صورتحال کو یوکرین کی اہم کامیابی قرار دیا جا رہا ہے جس سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ مغربی ممالک اس کو ہتھیاروں کی جو فراہمی کر رہے ہیں اس سے بھرپور فائدہ اٹھایا رہا ہے۔
یوکرین کے وزیر خارجہ دمیترو کولیبا کا کہنا ہے کہ یوکرین کی فوجوں نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ اسے مہیا کیے جانے والے ہتھیاروں کی بدولت روس کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔