Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’حیرانی ہوگی اگر یہ ٹیم ٹی20 ورلڈکپ کے سیمی فائنل تک بھی پہنچ جائے‘

ورلڈ کپ کے لیے ٹیم میں شان مسعود کو شامل کیا گیا ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کرکٹ بورڈ ( پ ی سی بی) نے آئندہ ماہ آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے 15 رکنی سکواڈ کا اعلان کیا ہے۔
ورلڈ کپ کے لیے مڈل آرڈر بیٹر شان مسعود کی واپسی ہوئی ہے جب کہ فخر زمان کو ٹریول ریزرو کی حیثیت سے ٹیم میں شامل رکھا گیا ہے۔
15 رکنی ٹیم میں بابر اعظم (کپتان)، شاداب خان (نائب کپتان)، آصف علی، حیدر علی، حارث رؤف، افتخار احمد، خوش دل شاہ، محمد حسنین، محمد نواز، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، محمد وسیم، شاہین شاہ آفریدی، عثمان قادر، نسیم شاہ اور شان مسعود شامل ہیں۔
فخر زمان، محمد حارث (متبادل وکٹ کیپر) اور شاہنواز دھانی ٹریول ریزرو کی حیثیت سے سفر کریں گے۔
ورلڈ کپ کے لیے ٹیم کے اعلان کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین کے تبصرے جاری ہیں۔
پاکستان کے سابق فاسٹ بولر محمد عامر نے ورلڈ کپ سکواڈ کے اعلان کے فوری بعد چیف سلیکٹر محمد وسیم پر تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ ’چیف سلیکٹر کی چیپ سلیکشن۔‘
سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ایشیا کپ میں خراب کارکردگی دکھانے والے خوش دل شاہ، افتخار احمد اور آصف علی کو ورلڈ کپ سکواڈ میں شامل کرنے پر تنقید کی جارہی ہے۔
ارفہ فیروز نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’خوش دل شاہ، افتخار احمد اور آصف علی تینوں میں سے کسی ایک کو بھی ٹیم سے ڈراپ نہیں کیا گیا اور یہ سلیکشن کا سب سے حیران کن پہلو ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’شاید پی سی بی کی سلیکشن کمیٹی کو ڈومیسٹک پلیئرز پر بھروسہ نہیں اور نہ ہی وہ ابھی شعیب ملک اور سرفراز احمد جیسے کھلاڑیوں کی طرف جانا چاہتے ہیں۔‘
صحافی اویس توحید نے ایک ٹویٹ میں پاکستانی ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا لیکن ساتھ یہ بھی کہہ دیا کہ ’مجھے بہت حیرانی ہوگی اگر یہ ٹیم ٹی20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل تک بھی پہنچ جائے۔‘
خیال رہے کہ افتخار احمد نے ایشیا کپ میں چھ میچز کھیل کر 105 رنز، فخر زمان نے چھ میچوں میں 96 اور خوش دل شاہ نے چھ میچوں میں 58 رنز بنائے۔
ٹی20 ورلڈ کپ 16 اکتوبر سے 13 نومبر تک آسٹریلیا میں کھیلا جائے گا۔

شیئر: