Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

روسی حملے کے بعد یوکرین میں میکڈونلڈز دوبارہ کھل گیا، ’گرل فرینڈ کو سرپرائز دوں گا‘

روس کے یوکرین پر حملے کے بعد 24 فروری کو میکڈونلڈز نے ملک میں آپریشن معطل کر دیا تھا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
یوکرین کے دارلحکومت کیئف میں منگل کو امریکی فاسٹ فوڈ چین میکڈونلڈز کا ریستوران روس کے حملے کے بعد دوبارہ کھل گیا۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق روس کے حملے کے سات مہینے بعد کیئف میں میکڈونڈز کے ریستوران کا کھلنا یہ ظاہر کرتا ہے کہ یوکرینی دارالحکومت میں زندگی معمول کی جانب لوٹ رہی ہے۔
امریکی فاسٹ فوڈ چین کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ یوکرینی حکام، سکیورٹی سپیشلسٹ اور سپلائرز سے بات چیت کے بعد فیصلہ کیا گیا ہے کہ ریستورن کو سب سے پہلے ڈیلیوری کے لیے کھولا جائے۔
منگل کو دارالحکومت میں میکڈونلڈز کے ریستوران کے باہر آرڈر وصول کرنے کے لیے ڈیلیوری کمپنی کے ملازمین کی قطار لگی ہوئی تھی۔
ریستوران کے باہر اپنے موٹر سائیکل پر بیٹھے میکسیم کھداپ نامی ایک ڈیلیوری بوائے نے اے ایف پی کو بتایا کہ ’ریستوران کھلنے کی بڑی خوشی ہے، میں آج آرام نہیں کروں گا۔‘
ایک صارف نے بتایا کہ وہ ریستوران کے سامنے ڈیلیوری بوائے سے اپنا آرڈر وصول کرنے آئے ہیں۔
24 سالہ اولیکسندر کودرکوسکی نے اے ایف پی کو بتایا کہ ’میں نے آرڈر اپنی گرل فرینڈ کے لیے دیا ہے۔ اس وقت وہ کام پر گئی ہیں اور یہ میں ان کے لیے لے کر جاؤں گا۔‘
’ان کو میکڈونلڈز بہت پسند ہے اور میں ان کو سرپرائز دینے جارہا ہوں۔‘
رواں سال کے شروع میں روس کی جانب سے یوکرین پر حملے کے بعد 24 فروری کو میکڈونلڈز نے ملک میں آپریشن معطل کر دیا تھا۔

میکڈونلڈز کے ریستوران کے باہر آرڈر وصول کرنے کے لیے ڈیلیوری کمپنی کے ملازمین کی قطار لگی ہوئی تھی۔ (فوٹو: اے ایف پی)

کمپنی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اکتوبر میں تینوں ریستوران میکڈونلڈز ڈرائیو اور ایکسپریس ونڈوز کے ساتھ مکمل طور پر فعال ہو جائیں گے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ریستورانوں کے مرحلہ وار کھولنے کے پروگرام کے ساتھ سات مزید سٹورز کھولے جائیں گے اور دارالحکومت اور ملک کے مغربی حصوں میں مزید نئے ریستوران بھی کھولے جائیں گے۔
میکڈونلڈز کی روس میں بندش کے بعد یوکرین میں دوبارہ آپریشن شروع کرنے کو بہت سارے یوکرینی شہری ملک کی علامتی حمایت کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔
میکڈونلڈز نے رواں سال کے شروع میں روسی مارکیٹ چھوڑنے کے اعلان کے ساتھ ہی اپنے تمام ریستوران روسی بزنس مین الیگزنڈر گورو کو فروخت کر دیا تھا۔

شیئر: