لاہور .... پی سی بی کے چیئرمین شہریار خان نے کہا ہے کہ آئی سی سی نے پچھلے ہفتے جو نیا آئین پیش کیا ہے اس میں بیشتر نئی چیزیں ہیں۔ ہماری کوششوں سے ہی بگ تھری کا خاتمہ ہوا۔بگ تھری سے سب سے زیادہ فائدہ ہند نے اٹھایا۔ انہوں نے جمعہ کی صبح صحافیوں سے بات چیت میں کہا کہ ہندوستانی بورڈ دنیا کا امیر ترین ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہند سے 6سیریز کھیلنی تھی جبکہ 3 کھیلے بغیر گزر گئیں جس سے پاکستانی بورڈ کو بہت نقصان ہوا۔ انکا کہناتھا کہ بگ تھری کے خاتمے کی سب سے زیادہ حمایت ہند کے ششانک منوہر نے کی۔ جبکہ ہند اور سری لنکا نے مخالفت کی۔ آسٹریلیا اور انگلینڈ نے بھی ہمارے موقف کی تائید کی۔ آئی سی سی نے جو نیا آئین بنایا ہے اسکے نتیجے میں مالیاتی معاملات میں تبدیلی ہوگی جبکہ نیا گورنس ماڈل بھی بنے گا اور موجودہ ماڈل میں تبدیلیاں کی جائیں گی۔ ہند نے آئی سی سی نے فنانشل ماڈل کی مخالفت کی تھی۔ ہند، آسٹریلیا اور انگلینڈ آئی سی سی میں بہت زیادہ سرگرم تھے۔ بگ تھری سے پاکستان سب سے زیادہ متاثر ہورہا تھاجبکہ آسٹریلیااور انگلینڈ میں بھی بگ تھری پر تنقید ہوتی رہی تھی۔ ان دونوں نے ہمارے موقف کی تائید کی۔ آئی سی سی نے اپریل میں جو نیا آئین پیش کیا ہے اس میں متعدد نئی چیزیں ہیں۔نیا آئین جون میں فائنل ہوجائیگا اور جون تک بگ تھری ڈوب جائیگا۔