ہنرمندوں کی تلاش اور اہمیت کو اجاگر کرنے میں موہبہ پیش پیش رہتا ہے۔ فوٹو عرب نیوز
شاہ عبدالعزیز اور ان کے ساتھیوں کی فاؤنڈیشن برائے تحفہ اور تخلیقی صلاحیت (موہبہ) کے تعاون سےسعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر ایک منفرد تقریب کا اہتمام کیا گیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق جدہ کے ریڈ سی مال میں منعقد ہونے والی تین روزہ تقریب میں اعلیٰ صلاحیتوں کے حامل نوجوانوں کو صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کے لیے بدھ سے اکٹھے ہونے کا موقع مل رہا ہے۔
قومی دن کی مناسبت سے تفریحی سرگرمیوں کا اہتمام بھی ہے۔ فوٹو عرب نیوز
مکہ ریجن کے نائب گورنر شہزادہ بدر بن سلطان کی نیابت کرتے ہوئے جدہ کے کمشنر شہزادہ سعود بن جلوی ' یہ ہماراگھر ہے اور ہنر مندوں کا گھر ہے' کے عنوان سے منعقد ہونے والی اس تقریب کی سرپرستی کریں گے۔
اس تقریب میں امریکی ریاست جارجیا کے شہر اٹلانٹا میں 7 تا 13 مئی کو منعقد ہونے والے ریجنیرون انٹرنیشنل سائنس وانجینئرنگ میلے کے آخری ایڈیشن کے دوران انعامات جیتنے والے طلباء بھی شریک ہوں گے۔
موہبہ فاؤنڈیشن میں میڈیا ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر ماجد الکنانی نے بتایا ہے کہ اس موقع پر موہبہ فاؤنڈیشن دو ہزار طلباء کو ٹیلنٹ اور تخلیقی صلاحیتوں کے پروگراموں میں شامل ہونے کا موقع فراہم کرے گی۔
مختلف قومی منصوبوں میں شرکت کی اہلیت ثابت کرنے والے ایک ہزار منتخب طلباء و طالبات کو ایوارڈز پیش کئے جائیں گے۔ تقریب میں شامل دیگر ایک ہزار ہونہار طلباء کو بھی منفرد ایوارڈ پیش کیے جائیں گے تاکہ وہ مختلف قومی ہنر اور تخلیقی مقابلہ جات میں شامل ہو سکیں۔
موہبہ فاؤنڈیشن دو ہزار طلباء کو مواقع فراہم کرے گی۔ فوٹو عرب نیوز
ماجد الکنانی نے بتایا کہ مختلف قومی ہنر اور تخلیقی مقابلوں میں جیتنے والوں کو بین الاقوامی مقابلوں میں حصہ لینے کے لیے مواقع فراہم کئے جائیں گے۔
مملکت کے ہرعلاقے سے ہنرمندوں کی تلاش اور ان کی اہمیت کو اجاگر کرنے میں موہبہ ہمہ وقت پیش پیش رہتا ہے۔
موہبہ فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر ماجد الکنانی نے بتایا ہے کہ تقریب میں معلوماتی کارنر کا اہتمام بھی کیا گیا ہے جہاں سے حاضرین موہبہ کے مختلف پروگراموں کے بارے میں مزید جان سکیں گے۔
تقریب میں آنے والوں کے لیے قومی دن کی مناسبت سے بہت سی تفریحی سرگرمیوں کا اہتمام بھی کیا گیا ہے جس سے حاضرین لطف اندوز ہو سکیں گے۔