Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’سابقہ اہلیہ کی عزت کرتا ہوں، وہ میرے بچوں کی ماں ہیں‘

فیروز خان اپنی اہلیہ سیدہ علیزہ سلطان کو طلاق دینے کے بعد خبروں میں ہیں (فائل فوٹو: علیزہ سلطان انسٹاگرام)
پاکستانی ڈراموں اور فلموں کے اداکار فیروز خان اپنی اہلیہ سیدہ علیزہ سلطان کو طلاق دینے کے بعد خبروں میں ہیں۔
اسی سلسلے میں فیروز خان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بدھ کے روز اپنے بیان میں کہا کہ ’ہماری طلاق 3 ستمبر کو ہوئی، جس کے بعد میں نے اپنے بچوں کی کفالت اور ملاقات کے حق کے لیے فیملی کورٹ میں 19 ستمبر کو کیس دائر کیا۔‘
’اکیس ستمبر کو عدالت نے دونوں فریقین کو سننے کے بعد مجھے اپنے بچوں سلطان اور فاطمہ کے ساتھ آدھا گھنٹہ وقت گزرانے کی اجازت دی۔‘
فیروز خان نے مزید کہا کہ ’عدالت نے سماعت یکم اکتوبر تک ملتوی کردی ہے، تاہم میں اپنی سابقہ اہلیہ کی عزت اور سپورٹ کرتا ہوں کیونکہ وہ میرے بچوں کی ماں ہیں، تاہم کیس عدالت میں ہونے کے باعث میں مزید اس پر بات نہیں کرسکتا۔‘
اس سے پہلے بدھ کے روز فیروز خان کی سابقہ اہلیہ سیدہ علیزہ سلطان نے فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر پوسٹ میں اپنی طلاق کے بارے میں کہا کہ ’ہماری شادی شدید افراتفری کا شکار تھی۔‘
’میرے اوپر جسمانی اور نفسیاتی تشدد ہورہا تھا بلکہ میرے شوہر کے جانب سے مجھے بے وفائی، بلیک میلنگ اور بے عزتی کا بھی سامنا رہا، جس کے بعد میں اس نتیجے پر پہنچی کہ میں اپنی ساری زندگی اس طرح بدتر طریقے سے نہیں جی سکتی۔‘
علیزہ سلطان نے مزید کہا کہ ’میں نے یہ فیصلہ اپنے بچوں کی بہتری کے لیے لیا ہے، میں نہیں چاہتی کہ وہ زہر آلود، مضر اور پرتشدد گھرانے میں بڑے ہوں۔‘
اداکار فیروز خان اور علیزہ سلطان کی شادی 2018 میں ہوئی تھی جس کے بعد 2019 میں اس جوڑے کے ہاں بیٹے محمد سلطان خان اور رواں سال فروری میں بیٹی فاطمہ خان کی پیدائش ہوئی۔
خیال رہے کہ فیروز خان اور علیزہ سلطان نے ارینج میرج کی تھی جو کامیاب نہ ہوسکی۔

شیئر: