چنڈی گڑھ۔۔۔پنجاب میں عام آدمی پارٹی کے منقسم ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیاہے۔ پارٹی شاخ کے سربراہ گرپریت سنگھ وڑائچ نے کہا کہ ہائی کمان کو اس موقع پر اپنے مقامی رضاکاروں اور قیادت سے رابطے ختم نہیں کرنے چاہئیں اور پارٹی کو متحد رکھنے کی کوششیں کرنی چاہئے۔ ایک انٹرویو میںان کا کہنا تھا کہ مخالف جماعتوں کی طرف سے عام آدمی پارٹی کے ارکان اسمبلی کو شکار کرنے کا حقیقی خطرہ بڑھ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح پارٹی نے مقامی رضاکاروں اور قیادت سے منہ موڑا ہے اس سے یہ خطرہ پیدا ہوگیا کہ لوگ علیحدہ ہوسکتے ہیں۔ وقت آگیا ہے کہ اس نازک موڑپرغفلت نہ کی جائے پارٹی کی سیاسی امور کی کمیٹی میں یہ معاملہ اٹھاؤنگا۔