العلا کے پہاڑوں میں پاپ سٹار جیسن ڈیرولو کی پرفارمنس
العلا کے پہاڑوں میں پاپ سٹار جیسن ڈیرولو کی پرفارمنس
منگل 27 ستمبر 2022 17:47
امریکی گلوکار نے کہا کہ میری خواہش ہے دنیا بھر سے فنکار یہاں آئیں۔ فوٹو عرب نیوز
العلا کے جاذب نظر پہاڑوں کے درمیان ثقافتی تبادلوں کے تاریخی مرکز میں امریکی پاپ سٹار جیسن ڈیرولو نے سعودی قومی دن کے موقع پرمیوزک فیسٹیول کے دوسرے ایڈیشن میں پرفارمنس پیش کی۔
عرب نیوز کے مطابق امریکی گلوکار نے اس کنسرٹ میں اپنے ہٹ ہونے والے حالیہ نغموں کے ساتھ اپنے پرانے پرستاروں اور مداحوں کو نہایت محظوظ کیا۔
امریکی پاپ سٹار کے اس میوزک شو کا اہتمام اسی وادی میں کیا گیا جہاں رواں سال کے آغاز میں ڈیزرٹ ایکس کے نام سے ایک نمائش لگائی گئی تھی۔
اس موقع پر پاپ سٹار جیسن ڈیرولو نے خصوصی انٹرویو میں بتایا ہے کہ یہاں پر آ کر پرفارمنس کرنے کا ایک مختلف تجربہ ہوتا ہے اور اس جیسا احساس ہمیں کسی دوسری جگہ نہیں ہوتا۔
گلوکار نے کہا کہ ان خوبصورت چٹانوں، نخلستان اور ریت کے ٹیلوں کے درمیان سے گزرنا اور یہاں صحرا کے وسط میں پرفارم کرنا کسی دوسرے تجربے سے بالکل مختلف ہے۔
یہاں پر ستاروں سے بھرا آسمان ایک حسین دنیا کا نظارہ پیش کرتا ہے جسے آپ کہیں اور نہیں دیکھ سکتے۔
ڈیرولو نے بتایا کہ میں کافی عرصے سے گلوکاری کر رہا ہوں اور میں کہہ سکتا ہوں کہ یہ تجربہ خاص نوعیت کا اور انوکھا ہے جو میں نے یہاں پیش کیا وہ میرے لیے بھی حیرت انگیز ہے۔
یہ سہ روزہ فیسٹول وژن 2030 کے سلسلے میں مملکت کو سیاحتی مرکز کے طور پر پیش کئے جانے والے کئی دیگر تہواروں میں سے ایک ہے۔
انہوں نے بتایا کہ میں اس جگہ پر آ کر اپنی صلاحیتیں دکھانے پر فخر محسوس کرتا ہوں کہ میں تاریخ کا ایک حصہ بنے پر خوش ہوں۔
امریکی گلوکار نے مزید کہا کہ میری خواہش ہے کہ دنیا بھر سے فنکار یہاں آئیں، یہ واقعی خاص قسم کی جگہ ہے جہاں پر آ کر وہ فخر محسوس کریں گے۔
پاپ سٹار نے کہا کہ میرا خیال ہے کہ سعودی عرب دنیا کے سب سے بڑے پرکشش مقامات میں سے ایک بننے کے قریب کھڑا ہے۔
یہاں ترقی کے لیے بہت گنجائش ہے اور یہ ناقابل یقین ہے اور رائل کمیشن فار العلا کے اشتراک سے منعقد ہونے والے اس ایونٹ کے لیے مقامی اور بین الاقوامی فنکاروں کی یہاں لانا ایک اہم پیش رفت ہے۔