آڈیو لیکس کا معاملہ: وزیراعظم کی زیرصدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس آج
منگل 27 ستمبر 2022 23:08
روحان احمد، اردو نیوز، اسلام آباد
وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت اجلاس میں سروسز چیفس اور انٹیلی جنس سربراہان شریک ہوں گے (فائل فوٹو: پی ایم آفس)
وزیراعظم شہباز شریف نے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس آج بدھ کو اسلام آباد طلب کرلیا ہے۔
وزیراعظم ہاؤس کے ذرائع کے مطابق قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں آڈیو لیکس کا معاملہ زیر غور آئے گا اور اس حوالے سے ابتدائی رپورٹ بھی پیش کی جائے گی۔
واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے منگل کو اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’آڈیو لیکس بہت اہم معاملہ ہے، اس کا میں نوٹس لے رہا ہوں۔‘
ان کا اس حوالے سے مزید کہنا تھا کہ ’میں ایک اعلٰی اختیاراتی کمیٹی تشکیل دے رہا ہوں جو اس معاملے کا تفصیلی جائزہ لے گی۔‘
انہوں نے آڈیو لیکس کو سکیورٹی لیپس قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ ’اس کے بعد باہر سے پاکستان کے وزیراعظم سے ملنے کون آئے گا؟‘
’یہ میری بات نہیں پاکستان کی عزت کی بات ہے۔ اس طرح کا سکیورٹی لیپس بہت بڑا سوالیہ نشان ہیں۔‘
اجلاس میں سروسز چیفس اور انٹیلی جنس اداروں کے سربراہان شریک ہوں گے۔
اس کے علاوہ اجلاس میں خارجہ، داخلہ، اطلاعات، خزانہ اور دفاع کے وزرا بھی شرکت کریں گے۔
اجلاس میں ملک کی مجموعی سلامتی کی صورت حال کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔