Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیراعظم کا عہدہ سنبھالنے پر ولی عہد کو شہباز شریف اور آرمی چیف کی مبارک باد

سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو وزارت عظمٰی کا عہدہ سنبھالنے پر وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے مبارک دی ہے۔
بدھ کو عربی میں کی گئی ایک ٹویٹ میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ’میں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کو سعودی عرب کے وزیراعظم کے طور پر تقرری کے موقع پر مبارک باد پیش کرتا ہوں۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’میں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کی کامیابی اور برادر ملک سعودی عرب کے لیے خادمِ حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی قیادت میں مزید ترقی اور خوش حالی کے لیے دعا گو ہوں۔‘
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو وزارت عظمٰی کا عہدہ سنبھالنے پر مبارک دی ہے۔
پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کو وزیراعظم اور شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کو وزیر دفاع منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور اسلامی دنیا میں اس کے منفرد مقام کو تسلیم کرتا ہے۔‘
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے منگل کو شاہی فرمان جاری کرکے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو وزرا کونسل کا سربراہ (وزیراعظم) مقرر کیا تھا۔
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی بطور وزیراعظم تقرری پر نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے مبارک باد دی ہے۔
سینیٹ سیکریٹریٹ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق چیئرمین سینیٹ نے کہا ہے کہ ’ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی بطور وزیراعظم تقرری خطے میں ترقی کے اہداف حاصل کرنے میں معاون ثابت ہو گی۔‘
صادق سنجرانی کا کہنا تھا کہ ’شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی قیادت میں سعودی عرب ترقی کی نئی منازل طے کرے گا۔‘
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے منگل کو متعدد شاہی فرامین جاری کیے۔ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو سعودی کابینہ کا سربراہ مقرر کیا۔
کابینہ میں ردوبدل کے حوالے سے بھی جاری ہونے والے شاہی فرمان کے میں یہ بھی بتایا گیا تھا کہ نائب وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان کو وزیر دفاع مقرر کیا گیا ہے۔ طلال بن عبداللہ بن ترکی العتیبی معاون وزیر دفاع ہوں گے۔
شاہی فرمان کے مطابق ’شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز ولی عہد اور وزرا کونسل کے سربراہ ہوں گے۔‘
اسی طرح دوسرے شاہی فرمان میں وضاحت کی گئی ہے کہ وزرا کونسل کے جن اجلاسوں میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز خود شریک ہوں گے ان کی صدارت وہ خود کریں گے۔ 
شاہی فرمان میں مختلف شعبہ جات کے لیے دیگر وزرا کی تقرریاں بھی کی گئی ہیں۔

شیئر: