ٹی20 ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کو کتنا انعام ملے گا؟
ٹی20 ورلڈ کپ میں کوالیفائرز کا مرحلہ کھیلنے والی ٹیموں کو دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ (فوٹو: آئی سی سی)
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے آٹھویں ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے انعامی رقم کا اعلان کر دیا ہے۔
آئی سی سی کے ویب سائٹ کے مطابق ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے 56 لاکھ ڈالرز کی کُل رقم مختص کی گئی ہے۔
ٹی20 ورلڈ کپ کا آغاز 16 اکتوبر سے ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق 13 نومبر کو میلبورن کے میدان میں ٹی20 ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کو 16 لاکھ ڈالرز انعام میں دیے جائیں گے۔
ٹی20 ورلڈ کپ کے فائنل میں ہارنے والی ٹیم کو 8 لاکھ ڈالرز ملیں گے۔
اسی طرح سیمی فائنل ہارنے والی دو ٹیموں کو چار چار لاکھ ڈالرز دیے جائیں گے۔
ٹی20 ورلڈ کپ میں سپر 12 کے مرحلے میں جیتنے والی ٹیموں کو ہر میچ کے 4 لاکھ ڈالرز دیے جائیں گے جبکہ سپر فور سے باہر ہونے والی ٹیموں کو 70 ہزار ڈالرز دیے جائیں گے۔
ٹی20 ورلڈ کپ کے پہلے مرحلے میں جیتنے والی ٹیموں کو 40 ہزار ڈالرز جبکہ پہلے مرحلے سے باہر ہونے والی ٹیموں کو بھی 40 ہزار ڈالرز ہی ملیں گے۔
آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ 2022 کے سپر 12 کے مرحلے میں پاکستان، آسٹریلیا، بنگلہ دیش، انگلینڈ، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ، انڈٰیا اور افغانستان پہلے سے ہی موجود ہیں۔
ٹی20 ورلڈ کپ میں کوالیفائرز کا مرحلہ کھیلنے والی ٹیموں کو دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔
نمیبیا، سری لنکا، نیدرلینڈز، یو اے ای گروپ اے میں جبکہ ویسٹ انڈیز، سکاٹ لینڈ، آئرلینڈ اور زمبابوے گروپ بی میں شامل ہیں۔
خیال رہے کوالیفائرز راؤنڈ کھیلنے والی آٹھ ٹیموں میں سے چار ٹیمیں سپر 12 کے لیے رسائی حاصل کرسکیں گی۔