Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ناراض نواز شریف کو منانے کی کوشش، پیٹرول 12 روپے سستا‘

پیٹرل کی قیمت 12.63 روپے کم ہوکر 224.80 روپے فی لیٹر ہوگئی ہے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کردیا ہے جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 12.63 روپے کم ہو کر 224.80 روپے فی لیٹر ہوگئی ہے۔
پیٹرولیم مصنوعات کی کمی کا اعلان وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کیا اور ان کے اعلان کے مطابق ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں بھی 12.13 روپے کی کمی ہوئی ہے۔
خیال رہے اسحاق ڈار نے رواں ہفتے بدھ کو مفتاح اسماعیل کے استعفیٰ دینے کے بعد وزیر خزانہ کی حیثیت سے حلف اٹھایا تھا۔
سوشل میڈیا صارفین بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی آنے کے بعد اپنی رائے کا اظہار کررہے ہیں۔
عمر فاروق نے ایک ٹویٹ میں لکھا ’مفتاح اسماعیل کیوں قیمتیں کم نہیں کرسکے تھے؟‘
کچھ ہفتے پہلے جب اس وقت کے وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے پیٹرول کی قیمت میں اضافہ کرنے کا اعلان کیا تھا تو مریم نواز کی طرف سے ایک ٹویٹ میں کہا گیا تھا کہ لندن میں مقیم سابق وزیراعظم نواز شریف ناراض ہوئے تھے اور میٹنگ چھوڑ کر چلے گئے تھے۔
اس بات کو گزرے کئی ہفتے ہوچکے ہیں لیکن کچھ لوگوں کو مریم نواز کی وہ ٹویٹ اب بھی یاد ہے۔ ٹوئٹر پر بروکن نیوز نامی مزاحیہ اکاؤنٹ نے اس طرف اشارہ کرتے ہوئے لکھا ’ناراض نواز شریف کو منانے کی کوشش، پیٹرول 12 روپے سستا۔‘
مرشد نامی صارف نے طنز کرتے ہوئے لکھا کہ ’پیٹرول کی قیمتیں (کم ہونے کا) کریڈٹ مفتاح اسماعیل کو جاتا ہے۔ انہوں نے اتنا زیادہ مہنگا کردیا تھا تبھی تو اسحاق ڈار کو سستا کرنے کا موقع ملا۔‘

عمار مسعود نے قیمتیں کم ہونے پر لکھا ’شکریہ کس کا ادا کرنا ہے؟ اسحاق ڈار کا یا امریکی سازش کا؟‘
خیال رہے پاکستان میں ہر 15 دن بعد پیٹرول کی قیمتوں میں ردبدل ہوتا ہے اور آج کم ہونے والی قیمتوں کا اطلاق 1 اکتوبر سے ہوگا۔

شیئر: