Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شعیب اختر نے 2007 کے ٹی20 میچ کی شرٹ کیوں نہ پہنی؟

ٹویٹ میں دکھائی جانے والی جرسی دراصل 2007  کے ٹی20 ورلڈ کپ کی پاکستان ٹیم کی جرسی ہے۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
پاکستان کے سابق کرکٹر اور دنیا کے تیز ترین فاسٹ بولر شعیب اختر کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد جہاں اپنے یوٹیوب چینل پر کرکٹ پر تجزیے کرتے ہیں وہیں وہ خیراتی کاموں میں بھی آگے آگے نظر آتے ہیں۔
شعیب اختر پاکستان کے سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے برطانیہ میں ایک این جی او کے ساتھ فنڈ ریزنگ کر رہے ہیں۔
اسی سلسلے میں شعیب اختر نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اتوار کے روز اپنی ٹویٹ میں 2007 میں جنوبی افریقہ میں کھیلے گئے پہلے ٹی20 ورلڈ کپ کی جرسی شیئر کی۔
شعیب اختر کہتے ہیں کہ ’یہ میں برمنگھم کے ایجبسٹن کرکٹ گراؤنڈ میں آج اخوت (خیراتی ادارے) کو دے رہا ہوں، یہ  میری 2007 کے ٹی20 ورلڈ کپ کی جرسی ہے، لیکن رکیں، وہ تو میں نے کھیلا ہی نہیں تھا، میں اس دورے سے کسی وجہ سے واپس بھیجا گیا تھا، میں نے اس وقت یہ پہنی ہوئی تھی جب وہ وجہ ہوئی تھی، کس وہ وجہ یاد ہے؟'
اس ٹویٹ میں دکھائی جانے والی جرسی دراصل 2007  کے ٹی20 ورلڈ کپ کی پاکستان ٹیم کی جرسی ہے۔
2007 میں جنوبی افریقہ میں ہونے والے ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم کے سکواڈ میں شعیب اختر شریک تھے لیکن سینچورین میں ٹریننگ سیشن کے دوران شعیب اختر کے ساتھ پاکستان کے سابق کرکٹر محمد آصف کی تلخ کلامی ہوگئی تھی جس پر شعیب اختر نے محمد آصف کو غصے میں بَلا دے مارا تھا۔
محمد آصف کو بَلا مارنے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے شعیب اختر کو ٹی20 ورلڈ کپ سے واپس پاکستان بلا لیا تھا جس کے باعث وہ اس ایونٹ میں کھیلے بغیر واپس آگئے تھے۔
اسی حوالے سے ایک بار ٹوئٹر پر سوالات جوابات کے سیشن کے دوران شعیب اختر سے ایک صارف نے پوچھا تھا کہ 'آصف کو بَلا کیوں مارا تھا؟'
جس پر راولپنڈی ایکسپریس نے جواب دیا تھا کہ ’آصف سے پوچھنا کبھی۔‘
خیال رہے شعیب اختر نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے 46 ٹیسٹ، 163 ون ڈے اور 15 ٹی20 میچز کھیلے ہیں جس میں ان کی وکٹوں کی تعداد بالترتیب 178، 247 اور 19 ہے۔

شیئر: