Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان انگلینڈ ٹی20 سیریز، سٹیڈیمز میں شائقین کی آمد کا نیا ریکارڈ قائم

پہلے مرحلے میں کراچی میں کھیلے گئے میچز کے دوران نیشنل کرکٹ سٹیڈیم ہاؤس فل رہا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان اور انگلینڈ کی سیریز کے درمیان شائقین کی آمد کا نیا ریکارڈ بن گیا۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سات ٹی20 میچز پر مشتمل سیریز میں شائقین کی دلچسپی عروج پر رہی۔
پہلے مرحلے میں کراچی میں کھیلے گئے میچز کے دوران نیشنل کرکٹ سٹیڈیم ہاؤس فل رہا تو لاہور میں کھیلے گئے میچز میں بھی شائقین نے سارے ٹکٹ پیشگی بک کرلیے۔
اسی سلسلے میں پیر کے روز سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے کراچی اور لاہور کے تماشائیوں کا شکریہ ادا کیا گیا۔
پی سی بی کے مطابق سیریز میں تماشائیوں کی کثیر تعداد کی آمد ایک ریکارڈ ہے۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ لاہور میں پاکستان اور انگلینڈ کے تینوں ٹی20 میچز کے لیے 63 ہزار افراد سٹیڈیم آئے جس کے باعث تینوں میچز میں حاضری کا تناسب 99.4 فیصد رہا۔
قذافی سٹیڈیم لاہور میں پانچویں ٹی20 کے لیے 20969، چھٹے ٹی20 کے لیے 21076 اور ساتویں ٹی20 کے لیے 21100 شائقین میچ دیکھنے آئے۔
اسی طرح کراچی میں کھیلے گئے پہلے مرحلے کے چار ٹی20 میچز کے دوران 1 لاکھ 26 ہزار تماشائی آئے، جس کے بعد نیشنل سٹیڈیم کی حاضری 95.3 فیصد رہی۔
پوری سیریز کے دوران دونوں شہروں کے سٹیڈیمز میں 1 لاکھ 89 ہزار تماشائی میچز دیکھنے آئے جس کے بعد مجموعی طور پر حاضری کا تناسب 97.35 فیصد رہا۔
پاکستان اور انگلینڈ کی اس سیریز میں تماشائیوں کی 97.35 فیصد حاضری پاکستان کرکٹ کی تاریخ میں پاکستان میں کھیلی گئی کسی بھی سیریز کا ریکارڈ ہے۔

شیئر: