دلتوں کے کنویں میں انتقاماً مٹی کا تیل ڈالدیا
بھوپال .... مدھیہ پردیش کے ایک گاﺅں میں اونچی ذات کے ہندوﺅں نے دلتوں سے انتقام لینے کیلئے انکے کنویں میں مٹی کا تیل ڈال دیا۔ ایک دلت دیہاتی نے اپنے بیٹے کی بارات میں دولہا کا خیر مقدم کرنے کیلئے بینڈ باجے والوں کو بلایا تھا جبکہ اونچی ذات والو ںکا کہناتھا کہ اگر انہوں نے اسے بلایا تو وہ دلتوں کا بائیکاٹ کرینگے۔ گاﺅں کی روایت کے مطابق دلتوں کو صرف دولہا کی آمد پر ڈھول بجانے کی اجازت ہے تاہم دلہن کے والدین نے انتظامیہ کو اس دھمکی سے آگاہ کردیا تھا اور انہوں نے پولیس کی حفاظت میں اپنی بیٹی کی شادی کی تھی لیکن اونچی ذات کے ہندوﺅں نے دلتوں سے انتقام لیا۔ یہ واقعہ ریاستی دارالحکومت سے 200کلو میٹر دور اگرمالوا ضلع میں پیش آیا۔ مٹی کا تیل ڈالنے کے بعد دلت آلودہ پانی نہ پی سکے تو انہوں نے قریب سے گزرنے والے دریا کا پشتہ توڑ کر پانی لینا شروع کردیا اس کے علاوہ انہوں نے کنویں سے آلودہ پانی نکالنے کیلئے پمپ بھی لگادیا۔ حکام نے وہاں کا دورہ کیا اور کنویں سے پانی نکال دیا۔ انہوں نے اونچی ذات کے ہندوﺅں سے بھی مذاکرات کئے۔ کلکٹر نے اعلان کیا کہ علاقے میں دو بور وہیلز لگائے جائیں گے تاکہ آئندہ دلتوں کو پانی کا مسئلہ نہ ہو۔ کلکٹر نے کہا کہ انہوں نے صورتحال پر نظر رکھی ہے او رپولیس تعینات کردی ہے۔ آلودہ پانی نکال دیا گیا ہے او رکنویں کا پانی پینے کے قابل ہوگیا ہے۔