Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض میں وزارت ثقافت کا نیا آرٹ سینٹر فینا الاول قائم ہوگا

ثقافتی مرکز میں سیمینارز اور ثقافتی سرگرمیوں کی میزبانی کی جائے گی ۔ فوٹو: عرب نیوز
سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں موجود نمایاں تاریخی عمارتوں میں سے ایک میں نیا آرٹ کلچر سینٹر قائم کیا جا رہا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق وزارت ثقافت نے ریاض کے علاقے ڈپلومیٹک کوارٹر میں الاوال بینک کے سابق ​​ہیڈکوارٹرمیں تخلیق کاروں اور ہنرمندوں کے لیے فینا الاول ثقافتی مرکز بنائے جانے کے منصوبے کا اعلان کیا ہے۔

 یہ عمارت 1988 میں روایتی اور مخصوص طرز پر تعمیر کی گئی تھی۔ فوٹو: واس

وزارت ثقافت کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اس ثقافتی مرکز میں آرٹ کی نمائشیں، ثقافتی پروگرام اور مختلف ورکشاپس ہوا کریں گی جہاں مفکرین، تخلیق کار اور آرٹ کےمختلف شعبوں کے ماہرین شریک ہوں گے۔
فینا الاول ثقافتی مرکز جس عمارت میں قائم کیا جا رہا ہے، یہ 1988 میں روایتی اور مخصوص طرز پر تعمیر کی گئی تھی اور عمارت میں ایک کمرشل بینک سعودی ہالینڈی بینک اپنے کنٹری ہیڈکوارٹر کے طور پر استعمال کر رہا تھا۔  
اس عمارت کو ثقافتی حیثیت کے پیش نظر حال ہی میں وژن 2030 کے نیشنل ٹرانسفارمیشن پروگرام کے مطابق رائل کمیشن فار ریاض سٹی (آر سی آرسی) کی تحویل میں دے دیا گیا تھا۔
وزارت ثقافت کی جانب سے کھولا جانے والا یہ  پہلا ثقافتی مرکز ہو گا جس میں عارضی نمائشیں، سیمینارز اور دیگر ثقافتی سرگرمیوں اور پروگراموں کی میزبانی کی جائے گا۔

ثقافتی مرکز میں تخلیق کار اور آرٹ کے شعبوں کے ماہرین موجود ہوں گے۔ فوٹو: ٹوئٹر

فینا الاوال آرٹ سنٹر میں ایک خصوصی طور پر ایک  لائبریری بھی  قائم کی جا رہی ہے جس میں زائرین کے لیے آرٹ سے متعلق کتابوں کی منتخب اور وسیع  رینج  دستیاب ہو گی۔
ثقافتی مرکز کے دلکش بیرونی احاطے کے لیے خاص طور پر منتخب کیے گئے چھ منفرد ثقافتی فن پارے بھی رکھے جائیں گے۔
واضح رہے کہ اس عمارت میں پہلے الاوال بینک قائم تھا جو اس سے قبل سعودی ہالینڈی بینک کے نام سے جانا جاتا تھا اور مملکت میں کام کرنے والا یہ پہلا تجارتی بینک تھا۔
 

شیئر: