Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کراچی میں شہری کو لُوٹتے ڈاکو مشکل میں پڑ گئے

پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں سٹریٹ کرائم کی ایک واردات کے دوران ڈاکو مشکل میں پڑے تو فرار ہوگئے۔
بدھ کو پاکستانی ٹائم لائنز پر شیئر کی گئی ویڈیو میں شہر کے گنجان آباد تجارتی مرکز کوآپریٹو مارکیٹ صدر کا ایک منظر واضح ہے جہاں گاڑی کے پاس کھڑے دو شہریوں کو ڈاکو لوٹ رہے ہیں۔
مختصر دورانیے کی ویڈیو میں واضح ہے کہ ایک لُٹیرا موٹرسائیکل پر بیٹھا رہتا ہے جب کہ دوسرا گن پوائنٹ پر ایک شہری کی جیبوں سے قیمتی اشیا نکالنے کی کوشش کر رہا ہے۔
ویڈیو کے مناظر اور اسے شیئر کرنے والوں کے مطابق اس دوران وہاں موجود دوسرا شہری اپنی گاڑی میں داخل ہونے کے بعد اندر سے اپنی سرکاری گن نکال لیتا ہے۔ یہ دیکھ کر شہری کو لوٹنے والے ڈاکو آگے کی جانب بھاگتا ہے جب کہ موٹرسائیکل سوار لٹیرا بھی اپنا ہیلمٹ گرا کر بھاگ جاتا ہے۔
ٹویپس کے مطابق ڈاکوؤں کا نشانہ بننے والا شہری سرکاری افسر جب کہ اس کے ساتھ موجود دوسرا فرد سرکاری گارڈ تھا۔
ویڈیو میں واضح ہے کہ بھاگتے ڈاکوؤں پر گارڈ کی جانب سے فائر بھی کیا جاتا ہے تاہم یہ واضح نہیں کہ لٹیروں میں سے کوئی زخمی ہوا یا نہیں، البتہ وہ موقع سے فرار ہوجاتے ہیں۔
پولیس کا یہ موقف بھی ٹائم لائنز پر شیئر کیا گیا کہ ’واقعہ بدھ کو صبح سویرے پیش آیا۔ فوٹیج کی مدد سے ڈکیتی کی ناکام کوشش کرنے والوں کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔‘

شیئر: