انڈیا: پرندہ ٹکرانے کے بعد کاک پِٹ میں بدبو، جہاز کو ممبئی واپس اتار لیا گیا
ہفتہ 15 اکتوبر 2022 16:15
آساکا ایئر نے رواں برس اگست میں اندرون ملک آپریشن کا آغاز کیا تھا (فوٹو: آساکا ایئر)
انڈیا میں ممبئی سے بنگلورو جانے والی پرواز کو اس لیے واپس ممبئی ایئرپورٹ پر اتارنا پڑا کیونکہ جہاز کے ساتھ پرندہ ٹکرانے سے اس کے کاک پِٹ میں بدبو پھیل گئی تھی۔
انڈین نیوز چینل نے این ڈی ٹی وی کے مطابق سول ایوی ایشن کے ایک افسر کا کہنا تھا کہ ’ممبئی سے بنگلورو کے لیے پرواز بھرنے والی آکاسا ایئر کی فلائٹ کو کاک پِٹ میں جلنے کی بدبو کی وجہ سے واپس ممبئی لے جانا پڑا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ بعد میں ابتدائی تحقیقات کے بعد علم ہوا کہ جہاز سے ایک پرندہ ٹکرایا تھا۔ پرندے کی باقیات جہاز کے انجن نمبر ایک سے ملیں۔
افسر نے کہا کہ جہاز میں کوئی اور خرابی نظر نہیں آئی۔
آساکا ایئر ایک نئی ایئر لائن ہے جس نے رواں برس اگست میں اندرون ملک آپریشن کا آغاز کیا تھا۔
اس ایئر لائن نے اپنی پہلی پرواز ممبئی سے احمد آباد کے لیے بھری۔ اس کے بعد چنائی، کوچی اور بنگلورو کے لیے پروازوں کا سلسلہ شروع ہوا۔
نیوز ایجنسی اے این آئی کے مطابق مارچ 2023 تک آساکا ایئر کے جہازوں کی تعداد 18 ہو جائے گی، اور اس کے بعد مزید 54 جہازوں کے اضافے کے بعد فلِیٹ کی کُل تعداد 72 ہو جائے گی۔