Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا میں مسجد پر حملہ، ’انہوں نے نمازیوں کو قتل کی دھمکی دی‘

گروگرام کے اس گاؤں میں صرف چار مسلمان خاندان آباد ہیں۔ (تصویر: انڈیا ڈاٹ کام)
شمالی انڈیا کے شہر گروگرام کے قریب ایک گاؤں میں تقریباً 200 افراد کے جتھے نے ایک مسجد پر حملہ کیا ہے اور نمازیوں کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا۔
انڈین چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق مسجد پر حملے کا واقعہ بدھ کی صبح پیش آیا جب راجیش چوہان، انیل بھاڈوریا اور سنجے ویاس نامی اشخاص کی قیادت میں تقریباً 200 افراد کا جتھا ایک مسجد میں گھس گیا اور وہاں نماز پڑھنے والوں کو گاؤں سے نکالنے کی دھمکیاں بھی دیں۔
پولیس کے مطابق گاؤں بھورا کلاں میں ہونے والے واقعے کا مقدمہ جمعرات کو درج کرلیا گیا تھا لیکن گذشتہ رات تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔ مسجد پر ہونے والے حملے کا مقدمہ صوبیدار نذر محمد نامی شخص کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق گروگرام کے اس گاؤں میں صرف چار مسلمان خاندان آباد ہیں۔ نذر محمد کی جانب سے درج کی گئی شکایت میں پولیس کو بتایا گیا ہے کہ ’جب ہم مسجد کے ہال میں عبادت کررہے تھے تو لوگوں کا جتھا آیا، نمازیوں پر تشدد کیا اور ہال کو بھی تالا لگا دیا۔‘
شکایت کنندہ کا کہنا ہے کہ ’انہوں نے نمازیوں کو قتل کی دھمکی دی۔‘
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مسجد سے انہیں ایک موبائل فون ملا ہے جو کسی حملہ آور کی ملکیت بھی ہوسکتا ہے۔
علاقے میں تعینات گجیندر سنگھ نامی پولیس افسر کا کہنا ہے کہ ’شکایت کے مطابق ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے اور حقائق کی تصدیق جاری ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ واقعہ کی چھان بین کی جائے گی اور قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

شیئر: