Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ڈیجیٹل سسٹم سے سعودی وزارت داخلہ کو سالانہ 17 ارب ریال کی بچت

’ڈیجیٹل سسٹم سے 559 ملین کاغذات کی بچت ہورہی ہے(فائل فوٹو اے ایف پی)
سعودی وزارت داخلہ سرکاری کاموں میں ڈیجیٹل سسٹم کے باعث سالانہ 17 ارب ریال سے زیادہ کی بچت کررہی ہے۔ 
عکاظ اخبار کے مطابق ڈیجیٹل سسٹم  سے دستاویزات میں ردوبدل اور جعلسازی بھی کنٹرول ہوئی ہے۔
سعودی وزارت داخلہ کے عہدیداروں نے جیٹیکس ٹیکنالوجی 2022 نمائش دبئی میں سٹال پر وزیٹرز کو بتایا کہ ’ڈیجیٹل سسٹم نے صارفین کی محنت اور وقت بچانے میں بھی مدد کی ہے جبکہ ماحولیاتی آلودگی سے بھی تحفظ مل رہا ہے‘۔
’ڈیجیٹل سسٹم سے 559 ملین کاغذات کی بچت ہورہی ہے۔ یہ ایک طرح سے 35 ہزار درختوں کے تحفظ کے برابر ہے۔ 2018 سے 2022 تک 500 ملین کلو گرام کاربن ڈائی آکسائڈ کا اخراج کم ہوا ہے۔ کاغذ کی صنعت میں  استعمال ہونے والے پانی کی بھی بچت ہوئی ہے۔ اسی عرصے کے دوران 5.1 ٹریلین گیلن سے زیادہ پانی بھی بچا ہے‘۔
دبئی میں جیٹیکس ٹیکنالوجی 2022 نمائش میں سعودی وزارت داخلہ سٹال کے منتظمین کا کہنا ہے کہ’ بارہ برس پہلے ٹیکنالوجی سسٹم متعارف کرایا گیا تھا‘۔   
 منتظمین کا کہنا ہے کہ ’ابشر 26 ملین سے زیادہ سعودی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو اپنے کام آن لائن کرانے کی سہولت فراہم کررہا ہے‘۔ 
’ابشر نے 26 ملین سے زیادہ سعودیوں، مقیم غیرملکیوں اور وزٹ ویزوں پر آنے والوں کو متعدد شعبوں میں مختلف قسم کی 350 سے زیادہ سہولتیں فراہم کی ہیں‘۔
ابشر نے سال رواں کے ابتدائی 9 ماہ کے دوران21 ملین سے زیادہ ای کارروائیاں مکمل کیں۔ یہ ایک ریکارڈ ہے یعنی یومیہ 79 ہزار سے زیادہ ای کارروائیاں نمٹائی گئی ہیں۔

شیئر: