اگست میں ابشر کے ذریعے 23 لاکھ امور انجام دیے گئے
ایک ماہ میں 6 لاکھ 48 ہزار اقاموں کا اجرا و تجدید آن لائن کرایا گیا۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ گزشتہ ماہ اگست 2022 کے دوران ابشر پلیٹ فارم کے ذریعے 23 لاکھ سے زیادہ کارروائیاں کی گئیں۔ اوسطاً یومیہ 74 ہزار سے زیادہ کام کرائے گئے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق ابشر پلیٹ فارم کے ذریعے اگست کے مہینے میں سعودی شہریوں نے 2 لاکھ 12 ہزار 43 پاسپورٹ جاری یا تجدید کرائے۔ ڈاک کے ذریعے 2 لاکھ 65 ہزار 916 پارسل وصول کیے گئے۔
وزارت داخلہ نے اگست کے مہینے میں ابشر کے ذریعے کرائے جانے والے مختلف کاموں کے اعدادوشمار جاری کرتے ہوئے بتایا کہ 6 لاکھ 48 ہزار 289 اقاموں کا اجرا و تجدید آن لائن کرایا گیا جبکہ 2 لاکھ 49 ہزار 89 خروج و عودہ (ایگزٹ ری انٹری) آن لائن لگوائی گئی۔ 13 ہزار 557 فائنل ایگزٹ منسوخ کرائے گئے، 63 ہزار 886 تارکین نے نقل کفالہ کرایا۔ ایک لاکھ ایک ہزار 169 خروج و و عودہ ویزوں میں توسیع ہوئی۔ 32 ہزار 924 تارکین نے آن لائن پرنٹ نکلوائے۔
ابشر پلیٹ فارم کا مقصد وزارت داخلہ اور اس کے ماتحت اداروں و محکموں میں ڈیجیٹل تبدیلی لانا اور اس عمل کو منطقی انجام تک پہنچانا ہے۔
یاد رہے کہ ابشر پلیٹ فارم نے اگست کے مہینے میں ڈیجیٹل گراف میں پہلی پوزیشن حاصل کی اور 12 سرکاری اداروں پر بازی لے گیا۔