Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’پاکستانی سیاستدان جھوٹا پروپیگنڈا کریں گے تو دوسرا ملک بھی ایسے ہی بیانات دے گا‘

رانا ثنااللہ کے مطابق پاکستانی سیاستدانوں کو محتاط بیانات دینے چاہیے۔ فوٹو: اے ایف پی
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے امریکی صدر جو بائیڈن کے حالیہ بیان سے متعلق کہا ہے کہ جب پاکستانی سیاستدان دوسرے ملکوں کے متعلق جھوٹا پروپیگنڈا اور غلط بیانی کریں گے تو اسی قسم کے بےبنیاد بیانات سامنے آئیں گے۔
اتوار کو فیصل آباد میں پولنگ سٹیشن کے باہر صحافیوں سے گفتگو میں وزیر داخلہ نے کہا کہ ’امریکی صدر جو بائیڈن نے خواہ مخواہ ایسا بیان دیا ہے، اس موقع پر نہ تو پاکستان کا ذکر ہو رہا تھا، نہ ہی حوالہ دیا گیا تھا اور نہ ہی ایٹمی قوت کی بات ہو رہی تھی۔‘
خیال رہے کہ سنیچر کو امریکی صدر جو بائیڈن نے ایک تقریب سے خطاب میں کہا تھا کہ پاکستان دنیا کے خطرناک ترین ملکوں میں سے ایک ہے جس کا ایٹمی پروگرام بے قاعدہ ہے۔
رانا ثنا اللہ سے جب امریکی صدر کے بیان سے متعلق سوال کیا گیا تو ان کا کہنا تھا ’امریکی صدر کے بیان کی کوئی بنیاد نہیں ہے اور اگر اس کی کوئی بنیاد بھی ہے تو پھر ہمارے ان سیاستدانوں کو اپنے رویوں پر محتاط رہنا چاہیے جو اپنی ذاتی سیاست کے فروغ کے لیے دوسرے ملکوں سے متعلق غلط بیانی کرتے ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے لانگ مارچ سے متعلق حکومت کی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی اور اس سے سختی سے نمٹا جائے گا۔
’اگر پی ٹی آئی لانگ مارچ کی درخواست ہمیں دے گی، کہ کہاں آئیں گے اور کس جگہ ٹھہریں گے تو ہم انہیں اجازت بھی دیں گے اور سہولت بھی فراہم کریں گے۔ لیکن اگر وہ یہ کہتے ہیں کہ ہم چڑھائی کرنے جا رہے ہیں تو ہم اس کی اجازت نہیں دیں گے۔
پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی ملک واپسی سے متعلق سوال کے جواب میں رانا ثنااللہ نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات کی مہم کی سربراہی نواز شریف ہی کریں گے۔
رانا ثنا اللہ نے مزید کہا کہ اتوار کو ہونے والے ضمنی انتخابات کا ووٹنگ ٹرن آؤٹ 20 سے 25 فیصد رہا ہے اور لوگوں سے اپیل ہے کہ وہ ووٹ ڈالنے کے لیے گھروں سے نکلیں۔

شیئر: