تقریب میں مقررین مسک فاؤنڈیشن کے آپریشنز کے چار شعبوں پر بات کریں گے۔ فوٹو: ٹوئٹر
محمد بن سلمان فاؤنڈیشن جو مسک کے نام سے معروف ہے, 18 اور 19 اکتوبر کو مکہ مکرمہ ریجن کے گورنر شہزادہ خالد الفیصل کی سرپرستی میں جدہ میں 10ویں سالگرہ منا رہی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی نوجوانوں کو بااختیار اور کامیاب بنانے کے 10 سال مکمل ہونے پر مسک فاؤنڈیشن کی خصوصی تقریب میں ملکی ترقی کے لیے مستقبل کے منصوبوں کی نمائش کی جائے گی۔
اس تقریب میں 30 سے زائد مقررین مسک فاؤنڈیشن کے آپریشنز کے چار شعبوں لیڈر شپ، انٹرپرینیورشپ، کمیونٹی کی ترقی اور ذہنی صلاحیتوں کی ترقی پر توجہ مرکوز کرنے والے موضوعات پر بات کریں گے۔
تقریب کے مختلف سیشنز میں اس تنظیم کے تیار کردہ بڑے منصوبوں کو بھی اجاگر کیا جائے گا جس میں مانگا پروڈکشنز، مسک آرٹ انسٹی ٹیوٹ، مسک سکولز اور ریاض سکول شامل ہیں۔
تعارفی سیشن میں اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ تمام شرکا مسک کے مختلف اقدامات میں فارغ التحصیل افراد اور تجربہ کار رہنماوں کے ساتھ بات چیت کے ذریعے اپنا نیٹ ورکس بنا سکیں۔
مسک کے اہم پروگراموں میں سے ایک ’2030 کے رہنما‘ ہے، یہ ایک خصوصی عالمی معیار کا پروگرام ہے جو سعودی طلبا کے لیے انتہائی مناسب ہے اور یہ پروگرام دنیا کے معروف ماہرین تعلیم نے تیار کیا ہے۔
مسک فاؤنڈیشن کی جانب سے چھ ماہ کا پروگرام ’دی مسک فیلوشپ‘ کے نام سے بھی جا ری ہے جو انڈرگریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ سعودی طلبا کو دنیا بھر کی معروف یونیورسٹیوں میں تعلیم حاصل کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔
دریں اثنا چھٹا مسک گلوبل فورم 8 اور 9 نومبر کو مقامی اور بین الاقوامی ماہرین کی شرکت سے منعقد ہو رہا ہے۔