بوسٹن ..... میساچوسیٹس انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے ماہرین نے ایک عظیم الجثہ تھری ڈی پرنٹر تیار کیا ہے جو صرف 14 گھنٹے میں پورا مکان چھاپ کر تیارکرسکتا ہے۔اس گاڑی نما پرنٹر کے 2بازو ہیں اور گاڑی کی پشت پر2 ٹینکس ہیں جن میں تعمیراتی میٹریل بھرا ہوا ہے۔ یہ پورا نظام ایک بہت بڑا تھری ڈی پرنٹر ہے جو نہ صرف زمین بلکہ چاند اور مریخ پر بھی خلانوردوں کےلئے فوری مکان بنانے کےلئے استعمال کیا جاسکے گا۔ اس کے روبوٹک بازو پر ایک نوزل ہے جو میٹریل باہر پھینک کر چند گھنٹوں میں بالکل نیا گھر بنادیتا ہے۔ اس کے روبوٹک بازو نہایت احتیاط لیکن تیزی سے میٹریل بکھیرتے ہیں۔ اس کے علاوہ ایک اور چمچہ نما بازو تعمیراتی سامان اٹھا کر رکھتا رہتا ہے۔ اس کی خاص بات اس کا وسیع دائرہ ہے جو ایک گھر بناتا رہتا ہے۔ تھری ڈی مشین کو آفت زدہ اور غریب علاقوں میں فوری طور پر مکان بنانے کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔ یوٹیوب کی وڈیو میں اس روبوٹ کے ذریعے 12 فٹ بلند مکان بنانے کےلئے استعمال کیا گیا ہے۔ ساتھ ہی یہ مکان کے اندر تار اور ضروری پائپس لگاتا رہتا ہے۔