Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی ترقیات و تعمیرنو پروگرام کے تحت یمن میں سکول کی تعمیر

شبوہ گورنریٹ میں جاری اس منصوبے میں 23 سکولوں اور تدریسی مراکز کا قیام شامل ہے۔ واس
سعودی ترقیات و تعمیرنو  پروگرام نے یمن کی شبوہ کمشنری  کے  ضلع نصاب  میں ایک نئے سکول کی تعمیر کی بنیاد رکھ دی ہے۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی واس کے مطابق یمن کے شبوہ گورنریٹ میں بچوں کو معیاری تعلیم تک رسائی کے  منصوبے کے تحت بنائے جانے والے سکول میں ہر قسم کی تدریسی ضرورت کے مطابق 12 کلاس روم ہوں گے۔

پروگرام میں تعلیم کے علاوہ  صحت، انفراسٹرکچر، توانائی کے منصوبے شامل ہیں۔ فوٹو واس

یمن میں سعودی ترقیات و تعمیر نو کے تحت تعلیمی شعبے میں 52 ترقیاتی منصوبوں پر کام کیا گیا ہے۔ اس منصوبے میں 23 سکولوں اور تدریسی مراکز کا قیام بھی شامل ہے۔
تحفے کے طور پر بنائے جانے والے ان سکولوں میں  طلبا کو سائنس لیبارٹری، کمپیوٹر لیبارٹری کے علاوہ  کھیلوں کے میدان سمیت دیگر  سہولیات بھی حاصل ہوں گی۔
تعمیر نو منصوبے کے مطابق یمن میں یونیورسٹیوں کی تعمیر اور تزئین و آرائش کے علاوہ مختلف تعلیمی شعبوں میں تربیتی آلات فراہم کرنا بھی شامل ہے۔
اس کے علاوہ دی جانے والی سہولیات میں نصابی کتب کی طباعت اور تقسیم کے ساتھ ساتھ  سکول ، کالج  و یونیورسٹیوں کے لیے محفوظ ٹرانسپورٹ کی خدمات بھی شروع کئے جانے کا پروگرام ہے۔

سکول میں ہر قسم کی تدریسی ضرورت کے مطابق 12 کلاس روم ہوں گے۔ فوٹو واس

اس پروگرام کے تحت یمن میں طلباء و طالبات کو حوصلہ افزا اور مناسب  ماحول میں تعلیم حاصل کرنے کےمواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔
اس منصوبے کے تحت طلباء کی غیر نصابی سرگرمیوں میں بھی مدد کی جا رہی  ہے اور انہیں تخلیقی مواقع فراہم کیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ یمن میں سعوی ترقیات و تعمیر نو کے تحت سیکڑوں ترقیاتی منصوبے اور پروگرام شروع کیے گئے ہیں جن میں تعلیم کے علاوہ صحت، انفراسٹرکچر، توانائی اور پانی سمیت متعدد شعبے شامل ہیں۔
 
  • واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: