العلا میں پرائیویٹ جہازوں کے ہینگر کا قیام اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ ہے(فوٹو، ٹوئٹر)
العلا رائل کمیشن نے انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پرائیویٹ ہوائی جہازوں کے ہینگر کا افتتاح کردیا اور العلا میں پولو گراؤنڈ قائم کرنے کے لیے سان ٹروبے کلب کے ساتھ معاہدے پر دستخط کردیے۔
اخبار24 کے مطابق رائل کمیشن نے کہا ہے کہ ہمارا مقصد اعلی درجے کی سیاحت اورہوٹلنگ کے شعبے کو فروغ دینا ہے۔
العلا انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پرائیویٹ ہوائی جہازوں کے ہینگر کا قیام مملکت میں اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ ہے۔
اس کی بدولت وی آئی پیز سعودی عرب کا رخ کریں گے اور العلا سرمایہ کاروں کے حلقوں میں مقبول ہوگا۔
رائل کمیشن کا کہنا ہے کہ ایئرپورٹ پر نجی جہازوں کا ہینگر جدید انداز سے بنایا گیا ہے یہ ماحول دوست توانائی کے معیار کو مدنظر رکھ کر تیا رکیا گیا ہے۔
العلا ہوائی اڈے سے سفر کرنے والوں کو اعلی درجے کی جملہ سہولتیں فراہم کرے گا۔ یہاں طویل مدت تک طیاروں کو رکھنے کی سہولت حاصل ہوگی۔
العلا رائل کمیشن ملکی اور بین الاقوامی ہوائی اڈوں اور اداروں کے ساتھ رابطے بڑھا رہا ہے اور العلا کو مملکت کے شمال مغرب میں انٹرنیشنل لاجسٹک سٹیشن میں تبدیل کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔
العلا انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اگست 2019 کے دوران متعدد ترقیاتی منصوبے نافذ کیے گئے۔ محکمہ شہری ہوابازی کے تعاون سے ایسے اقدامات کیے گئے جو العلا کو بین الاقوامی مرکز کی حیثیت سے فضائی دنیا میں متعارف کرانے کا باعث بنے۔
العلا ماضی میں بھی گھڑ سواری کا مرکز رہا ہے(فوٹو، ٹوئٹر)
مذکورہ اقدامات کی بدولت العلا انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے سالانہ ایک لاکھ کے بجائے 4 لاکھ تک افراد کے سفر کی گنجائش پیدا ہوگئی۔ ایئرپورٹ کا رقبہ 2.4 ملین مربع میٹر ہوگیا۔ یہاں 15 طیاروں کی پارکنگ اور اصلاح و مرمت کا انتظام بھی کیا گیا ہے۔
رائل کمیشن نے توجہ دلائی کہ پولو گراؤنڈ کے حوالے سے سان ٹروبے کلب کے ساتھ شراکت کے معاہدے کا مقصد العلا کو مختلف قسم کے سپورٹس کا بین الاقوامی مرکز بنانا ہے۔
العلا ماضی میں بھی گھڑ سواری کا مرکز رہا ہے۔ یہاں پہاڑوں پر موجود نقوش اس بات کی گواہی دے رہے ہیں۔