رائل کمیشن فار العلا اور فرانسیسی انجینئرنگ کمپنیوں کے کنسورشیم میں معاہدہ
العلا میں افرادی قوت 40 سے بڑھ کر 200 ہو جائے گی (فائل فوٹو ایس پی اے)
سعودی رائل کمیشن فار العلا اور فرانسیسی انجینئرنگ کمپنیوں کے ایک کنسورشیم نے تاریخی شہر میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں تعاون کے لیے مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔
پریس ریلیز کے مطابق ریاض میں جاری فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹو میں رائل کمیشن فار العلا کے چیف ایگزیکٹیو آفیسرعمرو المدنی اور ایگیس گروپ کے مشرق وسطیٰ کے سی ای او ابوسیام نے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے۔
عرب نیوز کے مطابق دس سالہ اتحاد میں کنسورشیم کی العلا میں افرادی قوت 40 سے بڑھ کر 200 ہو جائے گی۔
پریس ریلیز میں مزید کہا گیا کہ’ معاہدے میں آپریشن اور دیکھ بھال کی سرگرمیاں اور العلا میں پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو فروغ دینا شامل ہے‘۔
العلا کے چیف ایگزیکٹیو آفیسرعمروالمدنی نے کہا کہ ’ ایس ای اے کے ساتھ رائل کمیشن آف العلا کی شراکت کو مضبوط بنانے سے ہمیں العلا کی مزید ترقی کی منصوبہ بندی کرنے کا ایک پلیٹ فارم ملتا ہے‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’ نئے توسیع شدہ مفاہمت کی یادداشت سے العلا کو پائیدار ترقی کی اپنی رفتار کو جاری رکھنے کی اجازت ملے گی کیونکہ یہ دنیا کے سب سے بڑے لیونگ میوزیم اور شمال مغربی عرب خطے اوراس سے آگے کے کاروبار، ثقافت اور سیاحت کے دھڑکتے دل میں تبدیل ہو جائے گا‘۔
پچھلے دو برسوں کے دوران ایگیس کی زیر قیادت کنسورشیم نے العلا کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں سہولت فراہم کی ہے اوراس کی تشکیل کی ہے جس میں ایک نئے ائیر پورٹ کا افتتاح شامل ہے۔
ایگیس گروپ کے سی ای اولارینٹ جرمین نے کہا کہ ’ ہم العلا کی ترقی کے لیے اپنی وابستگی کو ظاہر کرنے کے لیے تین معروف اور انتہائی معتبر فرموں ایگیس، سیٹیک اور ایسیٹیم کے مشترکہ وینچر کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے پرجوش ہیں‘۔