نیوز کانفرنس مہنگی پڑ گئی، فیصل واوڈا کو پی ٹی آئی سے نکال دیا گیا
ہفتہ 29 اکتوبر 2022 17:09
فیصل واوڈ کو شوکاز نوٹس کا جواب دینے کے لیے دو روز کا وقت دیا گیا تھا (فائل فوٹو: اردو نیوز)
سنیچر کو چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے دستخط سے جاری کیے گئے نوٹی فیکیشن کے مطابق ’فیصل واوڈا نے پارٹی کے شوکاز نوٹس کا مقررہ وقت میں جواب نہیں دیا جس پر ان کی بنیادی رکنیت ختم کی جاتی ہے۔‘
یاد رہے کہ فیصل واوڈا کو پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی پر 26 اکتوبر کو شوکاز نوٹس جاری کیا گیا تھا اور ان سے دو روز کے اندر وضاحت طلب کی گئی تھی۔
شوکاز نوٹس جاری ہونے کے بعد فیصل واوڈا نے کہا کہ ’وہ پی ٹی آئی سندھ کے صدر علی زیدی کو کسی نوٹس کا جواب نہیں دیں گے، وہ صرف پارٹی چیئرمین عمران خان کو جواب دہ ہیں۔‘
فیصل واوڈا نے بدھ 26 اکتوبر کو اسلام آباد میں کی گئی نیوز کانفرنس میں پارٹی پالیسی کے برعکس موقف اختیار کیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’مجھے اس مارچ کے اندر جنازے ہی جنازے نظر آرہے ہیں۔ میں ان لوگوں کو چند لوگوں کی سازش کے ذریعے نہیں مرنے دوں گا۔‘
’آنے والے دنوں میں کئی لاشیں گرنے والی ہیں۔ اہم شخصیات اور عام آدمی بھی ہو سکتے ہیں۔ میں ان کے ساتھ بھی کھڑا رہوں گا۔‘
سینیئر صحافی اور اینکرپرسن ارشد شریف کی ہلاکت پر انہوں نے کہا کہ ’ان کا قتل ہوا ہے جس کی سازش پاکستان میں ہوئی ہے۔ یہ حادثہ نہیں ہے۔‘
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’ارشد شریف اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ رابطے میں تھا اور پاکستان واپس آنا چاہتا تھا۔ اسٹیبلشمنٹ کا ارشد شریف کو قتل کروانے میں کوئی کردار نہیں ہے۔‘