Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹی 20 ورلڈ کپ: ’بنگلہ دیش دو مرتبہ جیتا لیکن پوائنٹس صرف دو ملے‘

بنگلہ دیش کی جانب سے اوپنر نجم الحسین شنتو 71 بناکر ٹاپ سکورر رہے (فوٹو: اے ایف پی)
آسٹریلیا کے شہر برسبین میں کھیلے جانے والے آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کے میچ میں بنگلہ دیش نے دلچسپ مقابلے کے بعد زمبابوے کو تین رنز سے شکست دے دی ہے۔
بنگلادیش کی جانب سے اوپنر نجم الحسین شنتو 71 بناکر ٹاپ اسکورر رہے، اس کے علاوہ سومیا سرکار صفر، لٹن داس 14، کپتان شکیب الحسن 23، عفیف حسین 29، مصدق حسین 7 رنز بناکر پویلین لوٹے۔
نورالحسن اوریاسر علی ایک ایک رن بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
واضح رہے کہ آج ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں دو اور میچز کھیلے جائیں گے جس میں پاکستان اور نیدرلینڈز، انڈیا اور جنوبی افریقا آمنے سامنے ہوں گے۔
یہ دونوں مقابلے پرتھ میں ہوں گے، پاکستان کو سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے کے لیے نیدرلینڈز کو شکست دینا لازمی ہے، اس کے علاوہ انڈیا کو جنوبی افریقا کو بھی شکست دینا دینا ہوگی۔
ٹی 20 ورلڈ کپ کے زیادہ تر میچوں کی طرح یہ میچ بھی ڈرامے سے بھرپور رہا۔ آخری ایک گیند پر زمبابوے کو جیت کے لیے پانچ رنز درکار تھے اور بلیسنگ مزا ربانی سٹرائیک پر موجود تھے۔
مصدق حسین آئے اور گیند کروائی اور مزا ربانی کیپر نور الحسن کے ہاتھوں سٹمپ ہوگئے اور بنگلہ دیشی کھلاڑیوں نے میچ جیتنے کا جشن بھی منانا شروع کردیا۔
امپائر نے سٹپمنگ کا دوبارہ جائزہ لیا تو انہیں پتہ چلا کہ نور الحسن نے گیند سسٹمپس کے آگے گیند پکڑی تھی اور اسی طرح یہ گیند نو بال قرار دی گئی اور زمبابوے کو ایک اضافی رن اور فری ہٹ بھی میسر آگئی۔
لیکن مزا ربانی اس فری ہٹ سے بھی فائد نہ اٹھا سکے اور گیند مصدق حسین کے ہاتھ سے نکل کر سیدھا وکٹ کیپر کے دستانوں میں گئی اور بنگلہ دیش یہ میچ تین رنز سے جیت گیا۔
سوشل میڈیا صارفین بھی اس میچ سے بھرپور طور پر محظوظ ہوتے نظر آئے۔ ریحان الحق نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’بنگلہ دیش دو مرتبہ جیتا لیکن پوائنٹس صرف دو ملے۔‘
اس کے علاوہ آخری اوور کی آخری گیند جو نو بال قرار دی گئی تھی وہ بھی سوشل میڈیا پر زیر بحث رہی۔
قوانین کے مطابق جب تک بولر گیند کروا نہیں دیتا اور گیند بیٹر کے بلے پر نہیں لگتی یہ وکٹ کراس نہیں کرجاتی تب تک وکٹ کیپر کو پوری طرح وکٹ کے پیچھے رہنا ہوتا ہے اور ایسا نہ کرنے کی صورت میں امپائر نو بال دے سکتا ہے۔
پاکستانی کرکٹ فینز بھی بنگلہ دیش کی جیت پر خوش ہوتے نظر آئے کیونکہ بنگال ٹائیگرز نے یہ میچ جیت کر گرین شرٹس کی ٹی 20 ورلڈ کپ میں آگے بڑھنے کی امیدوں کو زندہ رکھا ہے۔
یہ میچ جیتنے کے بعد اب بنگلہ دیش گروپ ٹو کی پوائنٹس ٹیبل پر چار پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر آگیا ہے۔
اس وقت پاکستان اور نیدر لینڈز کے درمیان میچ ابھی پرتھ میں جاری ہے جبکہ آج کا تیسرا اور آخری میچ جنوبی افریقہ اور انڈیا کے درمیان کھیلا جائے گا۔

شیئر: