’اس ٹیم کے بغیر کھیل کا مزہ نہیں‘، زمبابوے کی جیت تاحال خبروں میں
زمبابوے نے پاکستان کو ہرانے کے بعد شائقین کرکٹ کو سوچنے پر مجبور کر دیا ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
ہو سکتا ہے کہ بہت سے کرکٹ مداح زمبابوے سے کسی ٹیم کے میچ کو گزشتہ چند برسوں میں سنجیدہ نہ لیتے ہوں اور اس سے لطف بھی نہ لیتے ہوں مگر پرتھ میں پاکستان کو ایک رنز سے ہرانے کے بعد منظرنامہ بدل چکا ہے۔
زمبابوے کی ٹیم بھلے اگلے مرحلے کے کوالیفائی نہ کرے مگر براعظم افریقہ کی یہ ٹیم کوئی بھی اَپ سیٹ کی صلاحیت رکھتی ہے۔
یہ جنوبی افریقہ جتنی مضبوط ٹیم تو کبھی نہ تھی اور نہ شاید کبھی مستقبل میں اس مقام تک پہنچے مگر کسی بڑی ٹیم کو بڑے ٹورنامنٹ سے باہر کرنے کا سبب ضرور بن سکتی ہے۔
پرتھ میں پاکستان کو شکست سے دوچار کرنے کے بعد زمبابوے کے کھلاڑیوں کی خوشی کو دیکھ کر دنیا بھر میں کرکٹ مداحوں کے چہروں پر مسکراہٹ پھیلی اور اُن کی کاکردگی کو سراہنے کے لیے ہتھیلیوں کو جوڑ کر تالیاں بجانے پر مجبور ہوئے۔
سٹیڈیم میں موجود زمبابوے کے شائقین کرکٹ کے لیے یہ موقع ایک طویل انتظار کے بعد آیا تھا جب اُن کی ٹیم نے ایک مضبوط حریف کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد میدان میں شکست سے دوچار کیا۔
بریڈ ایونز کو میدان میں گرا کر جس طرح اُن کی ٹیم کے ساتھی اُن سے لپٹے ہوئے تھے وہ منظر غیرمعمولی تھا۔
زمبابوے نے گزشتہ ماہ ستمبر آسٹریلوی ٹیم کو آسٹریلیا کی سرزمین پر ایک روزہ انٹرنیشنل میچ میں تین وکٹوں سے ہرا کر اپنے شائقین کو طویل عرصے بعد بڑی ٹیم کے خلاف جیت کا تحفہ دیا تھا۔
مگر وہ میچ دنیا بھر میں اتنا نوٹس نہیں لیا اور اس کی وجہ تین ایک روزہ میچوں کی سیریز بھی تھی جو آسٹریلیا پہلے ہی جیت چکا تھا۔
پرتھ میں ٹی20 ورلڈ کپ کے میچ میں پاکستان کو شکست دینے کے بعد دنیائے کرکٹ کی بڑی ٹیمیں اور شائقین اب کچھ عرصے کے لیے زمبابوے کی کھلاڑیوں کی کارکردگی پر نظر رکھیں گی۔
کرکٹ تجزیہ کار دانیال رسول نے لکھا کہ ’ممکن ہے کہ کرکٹ کو زمبابوے پسند نہ ہو مگر یہ کھیل اس ٹیم کے بغیر اتنا مزے کا نہیں ہو گا۔‘