مایوس ہوں مگر ابھی ورلڈ کپ ختم نہیں ہوا: شان مسعود
جمعہ 28 اکتوبر 2022 12:20
شان مسعود جس نے زمبابوے کے خلاف 44 رنز بنائے تھے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
شان مسعود نے کہا ہے کہ ان کی مایوسی کی شکار ٹیم کو ہمت دکھانا ہو گی اور ورلڈ کپ کے معجزوں پر یقین کرنا ہوگا۔
جمعرات کو پرتھ میں پاکستان زمبابوے سے ایک رن سے ہار گیا تھا۔ اس سے قبل پاکستانی ٹیم کو انڈین ٹیم نے شکست دی تھی۔
ورلڈ کپ میں رہنے کے لیے پاکستان ٹیم کو اب باقی تمام میچز جیتنا ہوں گے۔ اتوار کو پاکستان نیدرلینڈ کے خلاف کھیلے گا۔
بیٹر شان مسعود جس نے زمبابوے کے خلاف 44 رنز بنائے تھے، پرتھ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اب بھی تین میچز باقی ہیں اور اس کے جیتنے کے لیے ہمیں خود پر یقین کرنا ہوگا۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق شان مسعود نے کہا کہ ’اس میں کوئی شک نہیں کہ ٹیم میں مایوسی ہے۔ معمولی مارجن سے دو میچز ہارنا مایوس کن ہے۔ اس گروپ میں ہمیں ہر پوائنٹ کی اہمیت کا پتا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ چونکہ ابھی ٹورنامنٹ ختم نہیں ہوا تو اپنی غلطیوں پر قابو پانا ہو گا اور آنے والے تینوں میچز جیتنا ہوں گے۔
شان مسعود نے مزید کہا کہ ’اس مایوسی پر قابو پانے کے لیے ہمیں بہتر کھیلنا ہوگا۔ اتوار کو اچھی کارکردگی ہی ہمیں بہتر محسوس کرانے میں مددگار ہوگی۔‘
پاکستان ٹیم کا زیادہ تر انحصار اوپننگ پارٹنرز کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان پر ہوتا ہے تاہم زمبابوے کے خلاف بابر اعظم چار اور محمد رضوان 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
شان مسعود نے کہا کہ بابر اعظم اور محمد رضوان دنیا کے پانچ بہترین بیٹرز میں سے ہیں تاہم سب کو اپنے حصے کی کارکردگی دکھانے کی ضرورت ہے۔
شان مسعود نے کہا کہ میچ ختم کرنے کے لیے وہ بہتر پوزیشن میں تھے۔
’میں اس کی ذمہ داری لوں گا، میچز اپنے ملک کے لیے جیتنے چاہئیں اور خاص طور پر جب آپ آخری بیٹسمین رہ گئے ہوں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’میں بہت مایوس ہوں۔‘